اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

Spread the love

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں دس لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا ۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی۔ دوران سماعت وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار عدالت میں پیش ہوئے ۔ وزیر خزانہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار عدالت پیش ہوچکے ہیں ۔ اب وارنٹ گرفتاری ہمیشہ کے لیے منسوخ کردیے جائیں ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا نیب نے اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے ؟ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ نیب نے اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے لیکن معطل ہوگئے تھے ۔ اس پر اسحاق ڈار کے وکیل نے کہا کہ عدالت کے وارنٹ گرفتاری صرف اس لیے جاری ہوئے کہ ملزم حاضر ہو نیب نے اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی مخالفت نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ سحاق ڈار پیش ہوچکے، وارنٹ گرفتاری منسوخ ہو جائیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ۔ عدالت نے اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے ۔ اسحاق ڈار نے حاضری معافی کی بھی درخواست دی ۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ فردجرم عائد کرنے کے لیے اسحاق ڈار کو پیش ہونا پڑے گا۔ اسحاق ڈار نے جائیداد قرقی کو بھی چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ عدم حاضری پر عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کرکے جائیداد قرقی کی تھی لیکن اب پیش ہونے کے بعد جائیداد قرقی ختم ہونی چاہیے۔ عدالت نے اسحاق ڈار کی دونوں درخواستوں پر نیب کو نوٹس جاری کرکے بارہ اکتوبر تک جواب طلب کرلیاہے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔