ٹرانس جینڈرز ایکٹ آئین سے متصادم نہیں،پیپلزپارٹی

Spread the love

پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینزکےسیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ٹرانس جینڈرز کے حقوق کے لئے ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ 2018ء کے ایکٹ کوغلط سمجھا گیا ہے ۔ یہ ایکٹ اسلامی قوانین سے متصادم نہیں ہے،یہ کہنا کہ اس قانون کے نافذ العمل ہونے سے بے راہ روی کا راستہ کھل جائے گا ،یہ بلکل بھی درست نہیں ہے ۔ ایسا پراپیگنڈہ نہ کیا جائے جس سے ملک میں بے چینی اور انارکی پھیلے ۔اس طرح کی غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ٹرانس جینڈرز ایکٹ کے حوالے سے ببلی ملک، عائشہ مغل فرزانہ باری اور ایمان مزاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

فرحت اللہ بابر کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ سرا ء ہمارے معاشرے کا وہ محروم طبقہ ہے جنہیں ان کے خاندانوں نے بھی تنہا چھوڑ دیا ہے، ٹرانس جینڈرز کے حوالے سے 2018ء کے ایکٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس ایکٹ کو چیلنج کرنے والوں کی نیت پر شک نہیں ہے کیونکہ ہو سکتا ہے انہیں اس کے بارے میں غلط بتایا گیا ہو ۔ ان کے کے شکوک کو دور کیا جانا ضروری ہے کہ یہ ایکٹ کسی صورت اسلامی قوانین سے متصادم نہیں ہے ۔ یہ مفروضہ کسی صورت درست نہیں ہےکہ اس قوانین کی وجہ سے معاشرے میں بے راہ روی میں اضافہ ہو جائے گا۔اس ایکٹ پر تنقید کرنے والے لوگوں نے اس قانون کو پڑھا ہی نہیں ہے ۔

اس موقع پر ٹرانس رائٹس ایکٹوسٹ ببلی ملک کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ترانس جینڈرز ایکٹ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ اس ایکٹ میں اسلام کے خلاف کوئی شق شامل نہیں ہے ۔  نکاح نامے میں عورت مرد کا خانہ ہی تو ہے مگر ایکس کا خانہ ہی نہیں ہے ۔ آئین میں تمام شہریوں کو صحت، تعلیم، سمیت تمام حقوق حاصل ہیں ۔

عائشہ مغل کا کہنا تھا کہ خواجہ سراء کو شادی کا حق ہی نہیں ہے ۔وزارت انسانی حقوق کے خط کے مطابق خواجہ سراء کی نادرا میں رجسٹریشن میڈیکل بورڈ کے مطابق کی جاتی ہے ۔ سماجی کارکن ڈاکٹر فرزانہ باری نے کہا کہ خواجہ سراؤں کو 75 برس بعد حق ملا جس پر حملہ ہو گیا۔ ہمارے معاشرے میں خواجہ سراؤں کو انسان ہی تسلیم نہیں کیا جاتا اور نہ ہی ان کے حقوق کو مانا جاتا ہے ۔ سینیٹر مشتاق میڈیا پر مسلسل غلط بیانی کر رہے ہیں ۔ جس طرح کے الزامات لگائے جا رہے ہیں ان کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ پریس کانفرنس سے ایمان مزاری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔