پی ڈی ایم کا آڈیو لیکس پر اجلاس بلانے کا اعلان

Spread the love

ملک سیاسی میں آڈیو لیکس میں ہلچل مچا رکھی ہے ۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم  ) اور جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کا موجودہ صورتحال کے تناظر میں اہم بیان سامنے آیا ہے ۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ‎جلد ہی پی ڈی ایم کا اجلاس بلا کر پالیسی امور کو اپ ڈیٹ کریں گے۔ ‎ہم قوم کو داخلی تقسیم کے آشوب سے نکال کر ملی وحدت کی ‎ طرف لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ سیاسی و معاشی بحرانوں پہ قابو پایا جا سکے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ ‎کسی بھی ملک میں سیاسی استحکام ہی معاشی ارتقاء کا زینہ اور قومی سلامتی کی مضبوط اساس بنتا ہے۔ ‎سیاسی استحکام کے حصول کی بنیادی دستاویز وہ آئین ہے جو یہاں کے 22 کروڑ عوام کی اجتماعی سوچ کا مظہر ہے اور قومی میثاق کا درجہ رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‎پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک کو صرف اقتصادی طور پر ہی کمزور نہیں کیا بلکہ نفرت اور انتقام کی سیاست کے ذریعے قومی وحدت کو بھی پارہ پارہ کر دیا۔ ‎پی ٹی آئی نے ہماری سماجی اقدار اور سیاسی روایات کو پامال کرکے ہاہمی احترام، سیاسی رواداری اور نوجوان نسل کی اخلاقیات کو آلودہ کر دیا۔‎عمران نیازی نے دانستہ پارلیمنٹ کو کمزور ، عدلیہ اور  الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں کو متنازعہ بنایا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ‎تقسیم اختیارات کے آئینی فارمولہ پہ عمل درآمد یقینی بنا کر قومی اداروں کی ساکھ کی بحالی یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے امید کی کہ پی ڈی ایم حکومت سیلاب کی تباہ کاریوں اور معاشی بدحالی میں گھری قوم کو بہت جلد دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔