نیو جرسی ، پاکستانی سیلاب متاثرین کے لئے فنڈریزنگ تقریب

Spread the love

چیئرمین سینٹ فارن ریلیشنز کمیٹی بوب میننڈیز نے کہا ہے کہ ہمیں امریکی کانگریس سے پاکستان کے لئے ریلیف پیکیج دلوانا چاہیے اور متاثرین سیلاب کے لئے نیشنل ڈونرز کانفرنس کا انعقاد کرنا چاہیے۔وہ نیو جرسی میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وہ امریکی حکومت کو درخواست کریں گے کہ گلوبل کلائیمیٹ ایکشن کے حوالے سے انٹرنیشنل ریڈکشن ایکٹ سے پاکستانی کی مالی معاونت کی جائے۔
"ہمیں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے اور میں امریکی کانگریس کے ہر اس رکن کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہوں جو پاکستان کی مدد کرنے کے لئے ہمارے ساتھ کام کرے”۔
امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے پاکستان کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرنے اور سیلاب سے نمٹنے کے ابتدائی مراحل میں امریکہ کی جانب سے بر وقت معاونت کی فراہمی پر سینیٹر میننڈیز، امریکی کانگریس اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔
مسعود خان نے سینیٹر میننڈیز کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے سیلاب کی صورتحال پر بذات خود مسلسل نظر رکھی اور ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں بروقت معاونت اور اس کے بعد بحالی اور تعمیر نو کے مراحل کے ضمن میں طویل المدتی تعاون کا عزم کرنے کے حوالے سے امریکی انتظامیہ سے رجوع کیا ۔ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں شدیدموسمی تغیرات اور پاکستان میں آنے والے سیلاب کے درمیان براہ راست تعلق کا ادارک کرنے پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا ۔
معروف کمیونٹی لیڈر ڈاکٹر اعجاز کی قیادت میں بہت خوش اسلوبی سے منعقدہ ایونٹ میں متعدد کمیونٹی ممبران شریک تھے جو متاثرین سیلاب کے لئے امداد کے حوالے سے پیش پیش ہیں۔ فیضان الحق کی جانب سے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے مفصل پریذینٹیشن دی گئی۔ ڈاکٹر محمود عالم نے تقریب کی کاروائی چلانے جبکہ اسد چوہدی نے پاکستان کو دپیش چیلنجز کو اجاگر کرنے کے فرا ئض سرانجام دیے۔

سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہونے والی تباہکاریوں سے دنیا کو محفوظ رکھنے کےلئے عالمی سطح پر حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی اور اس حوالے سے امریکہ کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
سفیر پاکستان نے متاثرین سیلاب کےلئے امداد متحرک کرنے کے حوالے سے پاکستانی امریکن کمیونٹی ، انسانی ہمدردی اور فلاحی اداروں ، سول سوسائٹی کے اراکین اور مخیر حضرات کے کردار کو سراہا۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ اصل چیلنج تب شروع ہوگا جب متاثرہ علاقوںمیں زندگی کی بحالی جس میں سڑکوں کی تعمیر، انفراسٹرکچر کی بحالی و مرمت، فصلوں کو دوبارہ سے اگانے، گھروں ، سکولوں اور ہسپتالوں کو از سر نو تعمیر کرنے کا کام شروع کریں گے۔ یہ ایک انتہائی مشکل مرحلہ ہو گا اور جس میں پاکستان کو کئی سالوں تک امریکہ کی مسلسل مدد درکار ہوگی۔
نیو یارک میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی نے متاثرین سیلاب کے لئے امداد اکٹھی کرنے کے حوالے سے پاکستانی امریکن کمیونٹی کے متحرک کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں موجود ہماری کمیونٹی کے ضرورت کے ہر وقت پر ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں اور پاکستان کی امداد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریکوری اور ریلیف کے مراحل بڑا چیلنج ہوں گے اور ہمیں متاثرین کی مسلسل امداد جاری رکھنا ہوگی۔
صدر امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی ڈاکٹر اعجاز احمد نے تقریب میں شرکت کرنے پر امریکی سینیٹر بوب میننڈیز اور سفیرپاکستان مسعود خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے متاثرین سیلاب کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہوئے کہا کہ امریکن پاکستانی پبلک افئیرز کمیٹی سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہونے والوں کی امداد کے لئے ہر ممکنہ کوشش جاری رکھے گی۔
ایونٹ میں مختلف فلاحی اداروں کے نمائندگان اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کے اراکین بھی شریک تھے۔ دو فلاحی اداروں نے سیلاب متاثرین کے لئے بالترتیب چھ ملین اور پانچ ملین ( کل گیارہ ملین) ڈالر کی معاونت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔