سیلاب سے ہونے والا نقصان اور سب سے متاثرہ اضلاع

Spread the love

نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کسی بنیادی ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، سیلاب متاثرہ علاقوں میں کل 12 ہزار 735 کلومیٹر سڑکیں، 375 پل تباہ ہوئے۔

سندھ کے شدید متاثرہ اضلاع میں قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، نوشہرو فیروز، ٹھٹھہ اور بدین شامل ہیں۔بلوچستان کے متاثرہ اضلاع میں کوئٹہ، نصیر آباد، جعفرآباد، جھل مگسی، بولان، صحبت پور اور لسبیلہ شامل ہیں۔ خیبر پختون خواہ میں دیر، سوات، چارسدہ، کوہستان، ٹانک اور ڈی آئی خان شامل ہیں۔ پنجاب میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور شدید متاثرہ اضلاع میں شامل ہیں ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 1545 تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ اب تک اس قدرتی آفت سے 12 ہزار 850 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں

سیلاب  سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں اور بحالی کا کام  جاری ہے۔ نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کے مطابق پاک آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرزنے اب تک 4 ہزار 648 سیلاب میں گھرے افراد کا انخلاء کیا ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 پروازوں کے ذریعے 13.7 ٹن امدادی سامان متاثرین تک پہنچایا گیا ۔ ریلیف کیمپس اور امدادی اشیاء جمع کرنے کے پوائنٹس مکمل فعال ہیں۔ سندھ، جنوبی پنجاب، بلوچستان سمیت ملک میں 147 ریلیف کیمپس، 220 امدادی اشیاء کلیکشن پوائنٹس قائم ہیں ۔

پاک بحریہ کی امدادی سرگرمیاں

پاک بحریہ کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور امدادی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ این ایف آر سی سی کے مطابق پاک بحریہ نے سیلاب متاثرین کے لیے 4 فلڈ ریلیف کوآرڈینیشن سینٹرز، 18 مرکزی کلیکشن پوائنٹس قائم کیے ہیں۔ پاک بحریہ نے 11 خیمہ بستیاں قائم کیں، جہاں 17 ہزار 843 افراد رہائش پذیر ہیں ۔ پاک بحریہ کے زیر انتظام قائم 70 میڈیکل کیمپس میں 63 ہزار 277 مریضوں کا علاج کیا گیا۔مختلف اضلاع میں 1568 ٹن راشن، 5 ہزار 198 خیمے، 6 لاکھ 97 ہزار 306 لیٹر صاف پانی تقسیم کیا گیا۔

پاک بحریہ نے اندرون سندھ میں ایک ہیلی کاپٹر بھی تعینات ہے ۔ پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر نے اب تک 62 پروازوں میں 475 افراد کو بچایا ۔ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے 4 ہزار 811 پیکٹس راشن تقسیم کیا گیا ۔پاک بحریہ کی 8 ڈائیونگ ٹیموں نے ملک بھر میں سیلاب زدہ علاقوں میں 27 ڈائیونگ آپریشنز کیے ہیں۔ پاک بحریہ کی ان ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے 15 ہزار 300 محصور افراد کو بچایا ۔

پاک نیوی کی 23 ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں تعینات

این ایف آر سی سی کے مطابق ملک بھر میں پاکستان نیوی کی 23 ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں تعینات ہیں، یہ ہنگامی ریسپانس ٹیمیں 46 موٹرائزڈ بوٹس، 2 ہوور کرافٹس سے لیس ہیں ۔

موسم کی صورتحال

این ایف آر سی سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بالائی پنجاب و خیبر پختون خواہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ گزشتہ روز سبی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ روہڑی، بہاولنگر، سکھر میں درجہ حرارت 40 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔

آج سیلاب متاثرہ علاقوں سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں مشرقی خیبر پختون خواہ، بالائی مرکزی پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔