سیلاب زدگان کی امداد،انسانی ہمدری کے ساتھ

Spread the love

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سیلاب زدگان کے امدادی کیمپ میں کئی روز سے بیٹھے پاکستان سویٹ ہوم کے فرشتے اور پریوں کے جذبہ کو بھرپور سراہا ۔ادارے کے سربراہ زمرد خان کی سماجی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سیلاب زدگان کی امداد سیاست سے بالاتر ہو کر انسانی ہمدردی کیساتھ کرنے کی ضرورت ہے ۔ حالیہ سیلاب ملکی تاریخ کا سب سے خطرناک سیلاب ہے جس سے بہت بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں ۔ ان کے گھر بار اور مال مویشی اس کی نذر ہو گئے ہیں جس سےملکی معیشت کو اربوں ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ ماحولیاتی تبدیلوں سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ۔ پاکستان سویٹ ہوم ، پی ایف یو جے اور نیشنل پریس کلب کے اشتراک سے امدادی کیمپ کا انعقاد خوش آئند امر ہے ۔  زمرد خان ایک عظیم انسان ہیں جب بھی کوئی تکلیف میں ہوتا ہے ۔ زمرد خان اس کے لیے مسیحا بنے۔انہوں نے یہ بات این پی سی کے باہر پاکستان سویٹ ہوم ، پی ایف یو جے اور نیشنل پریس کلب کے اشتراک سے لگائے جانے والے امدادی کیمپ کے دورے کے موقع پر کہی۔

راجہ پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ گلوبل وارمنگ نے پاکستان کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے ۔ جس کا ذکر یو این او کے سیکرٹری جنرل نے بھی اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر کیا ہے کہ اس ماحولیاتی تبدیلی میں پاکستان کاحصہ نہ ہونے کے برابر ہے تاہم وہ اس سے متاثر ہونے میں دس بڑے ممالک میں شامل ہے ۔ ہم نے اس حوالے سے بیرونی ممالک سے وفود بلاپارلیمانی اجلاس منعقد کرایا ہے جس میں بیرون ممالک کے مندوبین کو سیلاب کی تباہ کاریوں کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی سی او کو بھی اس مسئلے کو اپنے اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ بنانا چاہیئے ۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور وزارت خارجہ اس حوالے سے زبردست کام کر رہے ہیں جبکہ وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتیں اور پاک فوج بھی اپنے فرائض بطریق احسن نبھا رہے ہیں ۔ امید ہے کہ بہت جلد ہم اس مصیبت اور مشکل حالات سے باہر نکل آئیں گے۔

پی ٹی آئی کی رہنماءجمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں بھی جب پوری قوم پر برا وقت ہے اور سیلاب نے ہر طرف تباہی مچادی دی ہے۔ ایسے میں زمرد اور ان کی ٹیم ہی سیلاب متاثرین کے لیے سب سے پہلی آواز بنے۔ پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ جہاں کہیں بھی ہیں امدادی کیمپ میں بڑھ چڑھ کر عطیات دیں۔ پاکستانی قوم نے ہر مشکل وقت میں ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کیا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی اس قوم پر برا وقت آیا پوری قوم نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ان مشکل حالات میں بھی پوری قوم اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انشاء اللہ! وہ وقت دور نہیں جب ہماری قوم ان حالات کو بھی شکست دے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس سیلاب سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے،سندھ میں سیلابی پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے ۔ قدرتی آفات سے ہمارے ہاں بہت نقصان ہوا ہے، آجکل نئے ڈیمز بنانے پر بات ہو رہی ہے تاہم یہ اس لیول پر نہیں ہو رہی جس پر ہونی چاہیئے۔

پی ٹی آئی کی خاتون راہنماءمسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ہمیں متاثرین سیلاب کی امداد کے ساتھ اس بات پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ آئندہ اس طرح کے سانحات سے کیسے بچا جا سکتا ہے،اس ملک پر جب بھی کوئی مصیبت کا مشکل گھڑی آئی یہاں کے لوگوں نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لیا ہے، زمرد خان پاکستان کا روشن چہرہ ہیں، اس کیمپ کا سیلاب زدگان کو یقیناََ بہت فائدہ پہنچے گا، قبل ازیں پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت پاکستان سویٹ ہوم کے بچے پورے ملک میں سیلاب زدگان کیلئے امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں،یہ مکمل طرر پر غیر سیاسی کیمپ ہے جس کا واحد مقصد سیلاب زدگان کی مدد کرنا ہے، انہوں نے حالیہ سیلاب کے دوران یتیم ہونے والے بچوں کو پاکستان سویٹ ہوم کا حصہ بنانے کا بھی اعادہ کیا، کیمپ سے پی ایف یو جے صدر افضل بٹ، سیکرٹری این پی سی خلیل احمد راجہ اور فنانس سیکرٹری نیئر علی نے بھی خطاب کیا۔