متحد ہ عرب امارات کی سیاحت میں اضافہ

Spread the love

متحدہ عرب امارات میں رواں سال کی پہلی ششماہی میں سیاحت سے حاصل آمدن 5 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ابوظبی میں کابینہ کے اجلاس کے بعد گفتگو میں کہا کہ 2021 میں کورونا کی عالمی وبا سے متاثرہ ہوٹل کی صنعت نے ایک مرتبہ پھرزورپکڑا ہے ۔ہوٹلوں کے کمروں میں قیام پذیر افرادکی تعداد میں 40 فی صد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ 2022 کی پہلی شش ماہی میں سیاحتی شعبے کی آمدنی 19 ارب درہم سے تجاوز کر گئی ہے۔

یواے ای میں ہوٹلوں کے مہمانوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ تک پہنچ گئی اور یوں ہوٹل کی اقامت میں 42 فی صد اضافہ ہوا ۔انہوں نے موسم سرما کے اس موسم میں سیاحت کے شعبے میں مزید بہتری کی بھی توقع ظاہرکی۔

دوسری جانب دبئی آئندہ نومبراوردسمبر میں قطر میں ہونے والے فیفا عالمی کپ ٹورنا منٹ کے دوران میں بڑی تعداد میں فٹ بال شائقین کی میزبانی کی توقع کر رہا ہے۔دبئی ان خلیجی شہروں میں سے ایک ہے جوعالمی کپ کے دوران میں قطر آنے جانے کے لیے روزانہ شٹل پروازیں چلارہے ہیں۔اس طرح ہزاروں شائقین دولت مند ریاست سے باہر رہ کربھی میچوں میں شرکت کر سکتے ہیں۔

شیخ محمد بن راشد آل مکتوم  کے مطابق رواں سال کی معاشی ترقی 22 فی صد سے تجاوزکر گئی ہے اور غیر ملکی تجارت کا حجم ایک کھرب درہم سے زیادہ ہے جبکہ قبل از وبا تجارتی حجم 840 ارب درہم تھا۔

دوسری جانب عالمی تنظیم ’ایاٹا‘ نے 2022 کے دوران سفر کرنے والوں کے اعدادوشمار پر مشتمل نئی رپورٹ جاری کی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ جولائی 2022 کے دوران سفر کرنے والوں کی تعداد جولائی 2021 کے مقابلے میں 58.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وبا سے قبل سفر کرنے والوں کے مقابلے میں وبا کے بعد مجموعی تعداد 74.6 فیصد بڑھ گئی ہے۔

بین الاقوامی پرواز فی کلومیٹر کے حوالے سے مسافروں سے ہونے والی آمدنی جولائی 2019 کے مقابلے میں 67.9 فیصد بڑھ گئی ہے۔ فضائی نقل و حمل کی بین الاقوامی تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل ویلی ویلش کے مطابق جولائی 2022 کے دوران سفری سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔ بعض ممالک میں سفر کرنے والوں کی تعداد کورونا وبا سے پہلے والے مرحلے کی حد کو چھونے لگی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایشیا اور بحرالکاہل کے علاقے میں فضائی کمپنیوں نے جولائی 2022 کے دوران سفری سرگرمی میں 528اعشاریہ8 فیصد اضافہ کیا جبکہ یورپی ممالک کی فضائی کمپنیوں نے اس حوالے سے 115اعشاریہ6 فیصد اضافے کا ہدف حاصل کیا۔

مشرق وسطٰی کی فضائی کمپنیاں مسلسل اضافہ ریکارڈ کرا رہی ہیں۔ ان میں سعودی اور متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنیوں نے 193اشاریہ ایک فیصد کا اضافہ ریکارڈ کرایا جبکہ شمالی امریکہ کی فضائی کمپنیوں نے جولائی کے دوران  129اعشاریہ2 فیصد بہتری ریکارڈ کرائی۔

جنوبی امریکہ کی فضائی کمپنیوں نے جولائی میں 119اعشاریہ4 فیصد افراد کو زیادہ سفر کرایا۔ علاوہ ازیں افریقی فضائی کمپنیوں نے  84اعشاریہ8 فیصد آمدنی زیادہ حاصل کی ہے