یوٹیلٹی اسٹورز پر پاس ورڈ سسٹم ختم

Spread the love

عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر  یوٹیلٹی سٹورز پر خریداری کیلئے استعمال ہونے والا ون ٹائم پاس ورڈ سسٹم ختم کر دیا گیا۔ یوٹیلیٹی سٹورز کے جاری اعلامیے کے مطابق اب یوٹیلٹی سٹورز پر سبسڈائزڈ اشیاء کی خریداری کیلئے شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی کی شرط بھی ختم ہوگئی ۔ اب صرف اصل شناختی کارڈ کاونٹر پر دکھانا ہو گا۔ خریداری کے بعد کسٹمر کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر تصدیقی ایس ایم ایس موصول گا۔ اعلامیے کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اصل مستحقین تک وفاقی حکومت کی سبسڈی شفاف انداز سے منتقل کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن وزیراعظم کے ہدایت پر لاہور اور اسلام آباد کے ہر سپر مارکیٹ سٹور اور منی مارکیٹ پر پی او ایس کاوئنٹرز کی تعداد بتدریج بڑھا رہی ہے۔ تمام زونل منیجرز کو یوٹیلٹی سٹورز پر صارفین کے لیے واٹر کولر، ٹینٹ، کرسیاں، پنکھے کی فراہمی کے لیے پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور آئی سی ٹی سے رابطہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ ٹینٹ اور پانی کا بندوبست پہلے سے موجود بھی ہے جس کو مزید بہتر کرنے کے لئے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر وفاقی حکومت کی سبسڈی کے تحت چینی 70 روپے فی کلو، گھی 300روپے فی کلو جبکہ آٹے کا 10 کلو تھیلہ 400 روپے میں دستیاب ہے جبکہ چاول اور دالوں پر بھی سبسڈی دی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ 1500سے زائد معیاری اشیاء بھی عام مارکیٹ کی نسبت کم قیمت پر دستیاب ہیں۔