وزیر اعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت شازیہ عطاء مری نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ۔ شازیہ عطاء مری نے ملاقات میں وزیرِ اعظم کو وزرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

شازیہ عطاء مری نے وزیرِ اعظم کی بلوچستان دورے کے دوران مستحق افراد کی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شمولیت اور طالبات کی تعلیم کو یقینی بنانے کیلیے وظائف و والدین کو امداد کے اعلان پر خراجِ تحسین پیش کیا ۔
وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت شازیہ عطاء مری نے وزیرِ اعظم کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں سے گزشتہ حکومت کی طرف سے بغیر تحقیق کے نکالے گئے 8 لاکھ 20 ہزار لوگوں کیلئے اپیل کے مجوزہ طریقہ کار پر بھی بریفنگ دی گئی ۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں سے نکالے گئے افراد کی دوبارہ شمولیت کیلئے اپیل کا طریقہ کار وضع کرنا خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مستحق افراد جو بغیر کسی وجہ کے نکالے گئے، ان کی شمولیت یقینی بنائی جائے ۔
شازیہ عطاء مری نے وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کو سندھ اجرک بطور تحفے میں دی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیرِ پاور ڈویژن خرم دستگیر نے ملاقات کی جس میں وزیرِ اعظم کو پاور سیکٹر کی اصلاحات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ۔

خرم دستگیر نے وزیراعظم کو بتایا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت کے مطابق یکم مئی سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔خرم دستگیر نے وزیراعظم کو اب تک کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
وزیرِ اعظم شہبازشریف نے ہدایت کی کہ پاور سیکٹر میں ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات لائی جائیں ۔ وزیراعظم نے بند رہ جانے والے بجلی گھروں کو بھی جلد از جلد بحال کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت جاری کی۔