عمران خان کے وزارت عظمیٰ سےہٹنے کے بعد پچتاوے

PM IMRAN KHAN FILE PHOTO
Spread the love

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے انکشاف کیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا نام اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے آیا تھا ، ان کی تقریری میں بڑی غلطی ہوئی۔ معلوم نہیں تھا کہ چیف الیکشن کمشنر جانبدار نکلیں گے ۔چیف الیکشن کمشنر کا تقرر ایک آزاد باڈی کوکرنا چاہیے۔ عمران خان نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس لا رہے ہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس کا فیصلہ غلط

بنی گالا میں صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کو بھی اپنی حکومت کا غلط فیصلہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرقانون نے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے مختلف فلیٹس اوراثاثوں کے بارے میں بریف کیا تھا۔ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کےخلاف کی جانے والی کارروائی غیرضروری سمجھتا ہوں۔وزیر قانون نے بتایا کہ جسٹس قاضی فائز عیسی کی بیرون ملک جائیدادیں ہیں۔ میرا تو عدلیہ سے مسئلہ ہی نہیں تھا ۔ خامخواہ تنازعہ بن گیا، جو ہوا غلط ہوا ۔

سازش کب تیار ہوئی!

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امریکی جنگ سے بہت نقصان اٹھایا۔ملک معاشی خوشحال ہونا شروع ہوا تو یہ سازش آگئی۔ امریکی سفارتخانہ نے ہمارے ناراض ایم این ایز سے ملاقاتیں کیں۔ میرے خلاف نومبر سے سازش شروع ہوئی جنوری میں تحریک عدم اعتماد لانے کا پلان ہوا ۔ امریکی دھمکی آنے کے بعد اتحادی بھی ان کے ساتھ مل گئے۔

اسٹیبلشمنٹ 3تجاویز لے کر آئی

انہوں نے کہا کہ   اسٹیبلشمنٹ 3 تجاویز لے کر آئی، میں استعفے اور تحریک عدم اعتماد کی تجویز کیسے مان سکتا تھا، الیکشن والی تجاویز سے اتفاق کیا ۔انڈیا امریکہ نے ڈو مور کی بات کی تو کوئی نہیں بولا۔ ملک کو فوج کی بہت ضرورت ہے۔کوئی ایسی بات نہیں کروں گا جس سے فوج کو نقصان پہنچے۔

انہوں نے بتایا کہ روس سے ہتھیار،تیل،گندم گیس کی بات کی۔روس گندم تیل 30 فیصد سستا دینے کو تیار تھا۔آزاد خارجہ پالیسی ہوتی تو یہ نہ ہوتا۔ جس طرح عوام ہمارے ساتھ نکلی ایسے کوئی توقع نہیں کررہا تھا۔

مافیا کو این آراو2مل گیا

 عمران خان کا کہنا تھا کہ مافیا کو این آر او 2 مل گیا ہے۔ موجودہ حکومت نیب اور ایف آئی اے میں اپنے کیسز ختم کرائے گی۔نوازشریف کے کیسز ختم کرکے واپس لانے کی تیاریاں ہورہی ہیں۔آصف زرداری کےخلاف بھی کیسز بند کردیئے گئے ہیں۔شہبازشریف اور حمزہ شہباز ضمانت پر ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ لاہور میں تاریخی جلسہ ہوگا،عوام کو الیکشن تک متحرک رکھوں گا۔ پی ٹی آئی نے کوئی فارن فنڈنگ نہیں لی ۔

عثمان بزدار کو ہٹانے کا فیصلہ غلط

چیئرمین تحریک انصاف نے اعتراف کیا کہ پنجاب میں عثمان بزدار کو ہٹانے کا فیصلہ درست نہیں تھا ۔ کرپشن سے پاک شخص کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانا چاہتا تھا۔ جن کےخلاف کیسز تھے وہ وزیراعلیٰ بننا چاہتے تھے۔ پنجاب میں ایک چیف سیکریٹری کو تقرروتبادلے پرپیسے لینے کی شکایت ملنے پرہٹا دیا تھا۔ پنجاب اور خیبرپختونخواہ اسمبلیاں چھوڑنے کا پلان بنا رہے ہیں ۔  

2018میں غلط پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم

عمران خان نے تسلیم کیا کہ 2018 میں ٹکٹس دینے میں غلطی ہوئی ۔آئندہ انتخابات میں ٹکٹس خود دوں گا۔ آئندہ انتخابات میں نوجوانوں کو اور اچھے امیدواروں کوسامنے لائیں گے۔

توشہ خانہ سے خریداری

ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں توشہ خانہ سے خریداری 15 فیصد پرہوتی تھی۔ہمارے دور میں 50 فیصد پرکی گئی ۔ توشہ خانہ سے تحائف 50 فیصد ادائیگی کرکے لیے تھے۔ تحائف خریدنے کے بعد میری مرضی میں انہیں جیسے مرضی استعمال کروں۔ بہت سے تحائف مجھے بنی گالہ رہائشگاہ پر ملے جو میں نے توشہ خانہ میں جمع کرائے۔انہوں نے بتایا کہ تحائف بیچ کر پیسوں سے بنی گالہ کی سڑک بنوائی اور گھرکے اطراف باڑ لگوائی۔ساڑھے 3 سال میں میرے خلاف کچھ نہیں ملا تو توشہ خانہ نکال لائے۔ عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان نے جاتی عمرا میں سرکاری خرچ سے 70 کروڑ کی دیواربنوائی۔