ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم،سپریم کورٹ کافیصلہ

Spread the love

سپریم کورٹ آف پاکستان کے 5 رکنی بینچ نے فیصلہ سنا دیا

Spread the love

سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری  کی رولنگ آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے  کالعدم قرار دےدی ہے۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی  3 اپریل کی رولنگ، صدر مملکت کی جانب سے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے معاملے پر  سپریم کورٹ آف پاکستان نے از خود نوٹس کیس کا فیصلہ سنادیا۔

سپریم کورٹ کے 5رکنی بینچ نے متفقہ فیصلہ دیا ۔ قومی اسمبلی بحال کرتے ہوئے عدالت نے حکم دیا کہ قومی اسپیکر قومی اسمبلی کا اجلاس 9 اپریل کو بلایا جائے۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہفتے کو صبح 10 بجے کرائی جائے، صدر کی نگران حکومت کے احکامات کالعدم قرار دیے جاتے ہیں۔ تحریک عدم اعتماد منظور ہو جاتی ہے تو  اسمبلی نئے وزیر اعظم کا انتخاب کرے۔

عدالت نے متفقہ فیصلے میں کہا کہ کسی ممبر کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روکا نہیں جائے گا۔ تحریک عدم اعتماد ناکام ہو تو حکومت اپنے امور انجام دیتی رہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے اس اہم ترین کیس کی سماعت کی جس میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس جمال خان مندوخیل بھی شامل تھے۔

سپریم کورٹ نے فیصلہ سنانے سے قبل چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو سپریم کورٹ میں طلب کیا جس پر وہ فوری طور پر سپریم کورٹ پہنچے۔سپریم کورٹ  نے چیف الیکشن کمشنر سے الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے استفسار کیا ۔جس پر چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ نے بتایا کہ الیکشن کمیشن ہر وقت تیار ہے الیکشن کرانے کے لیے لیکن ہمیں حد بندی کرنی ہیں لہٰذا ہمیں 6 سے 7 ماہ چاہئیں۔

سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپوزیشن کا ردعمل

سپریم کورٹ کےفیصلے پر بات کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے یوم تحفظ آئین پاکستان کو یوم تشکرمیں تبدیل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعے کو پورے ملک کے کونے، کونے میں یوم تشکر منایا جائے گا ۔ یوم تحفظ آئین پاکستان کو یوم تشکرمیں تبدیل کیا جا رہا ہے ۔ یہ قوم کی فتح ہے، عدلیہ نے قوم کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے بڑا اطیمنان بخش فیصلہ دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، جمہوریت آئین اور عوام کی فتح ہے، عدلیہ قوم کی امیدوں پر پوری اتری ہے، کل یوم احتجاج نہیں یوم تشکر ہوگا، پاکستان کے استحکام کے لئے دعا کریں گے، اللہ پاک پاکستان کو معاشی اور دیگر مشکلات سے نکالے۔

آئین اور پاکستان بچ گیا،شہبازشریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مولانا کی باتوں کی پوری تائید کرتا ہوں، اللہ نے 22 کروڑ عوام کی دعائیں قبول کیں، عدالت نے ایسا فیصلہ دیا آئین اور پاکستان بچ گیا، عدلیہ نے اپنے فیصلے سے چار چاند لگائے، عدالت نے پارلیمان کو مضبوط کیا ہے، یہ رمضان میں عوام نے بہت بڑا معرکہ سرکیا ہے، غربت، مہنگائی کے خلاف ہم مل کر لڑیں گے، اللہ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔

شہباز شریف نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو تشریف لا رہے ہیں، قوم یوم نجات منائے گی، ہم جعلی نہیں اصلی سرپرائز دیں گے۔

شکر الحمدُ للّٰہ ربّ العالمین،مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹ کیا کہ شکر الحمدُ للّٰہ ربّ العالمین، ‏قوم کو آئین کی سر بلندی بہت بہت مبارک، آئین توڑنے والوں کا کام ہمیشہ کے لیے تمام ہوا، اللّہ پاکستان کو چمکتا دمکتا رکھے، ساتھ ہی انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ‏وزیرِ اعظم شہباز شریف انشاءاللّہ بھی لکھا۔

شکر الحمدُ للّٰہ ربّ العالمین


قوم کو آئین کی سر بلندی بہت بہت مبارک۔ آئین توڑنے والوں کا کام ہمیشہ کے لیے تمام ہوا۔ اللّہ پاکستان کو چمکتا دمکتا رکھے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف انشاءاللّہ!


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، جئے بھٹو، جئے عوام، پاکستان زندہ باد۔

پیپلزپارٹی نے انتخابی اصلاحات سے متعلق سپریم کورٹ میں معروضات جمع کروائیں

سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی اصلاحات سے متعلق سپریم کورٹ میں معروضات جمع کروائیں۔ چیف جسٹس نے بلاول سے کہا تھا کہ ساڑھے 7 بجے سے قبل تفصیلات جمع کرائیں۔

2 thoughts on “ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم،سپریم کورٹ کافیصلہ

  1. … [Trackback]

    […] Here you can find 67717 more Information on that Topic: daisurdu.com/2022/04/07/ڈپٹی-اسپیکر-کی-رولنگ-کالعدم،سپریم-کور/ […]

Comments are closed.