پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 24 سال بعد پاکستان کے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعے کو مد مقابل ہوں گی۔ 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کراچی میں ہو گا جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ لاہور میں شیڈول ہے ۔
پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی رونمائی کر دی گئی ۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کے ہمراہ تصاویر بنوائیں ۔ دونوں ٹیمیں 2 روز بعد میدان سجائیں گی۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور شاہین کپتان نے خصوصی تقریب میں ٹیسٹ سیریز ٹرافی کی رونمائی کردی۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین کا کہنا ہے کہ بینو قادر ٹرافی کو پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ٹیسٹ سیریز کی بحالی کے موقع پر متعارف کروایا گیا ہے ۔ یہ دونوں عظیم لیگ اسپنرز دنیائے کرکٹ کی نوجوان نسل کے لیے متاثرکن شخصیات تھیں۔
فیصل حسنین کا کہنا تھا کہ تاریخی طور پر پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کانٹے دار مقابلے ہوتے ہیں ۔ بینو قادرٹرافی کو متعارف کروانے سے دونوں ٹیموں کے مابین اب ٹیسٹ سیریز میں مقابلہ مزید بڑھ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بینو قادر ٹرافی کی لانچ پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ آسٹریلیا کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتی ہے ۔ رچی بینو اور عبدالقادر مرحوم کے اہل خانہ کا مشکور ہوں جنہوں نے خوشدلی سے ٹرافی کو ان کا نام دینے کی حامی بھری۔
آسٹریلیا ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ پہلی بینو قادر ٹرافی کے لیے مقابلہ کرنا ان کے لیے بہت اعزازکی بات ہے ۔ موجودہ کھلاڑیوں کی حیثیت سے وہ ماضی کے ان عظیم کھلاڑیوں کے کندھوں پر چڑھ کر یہاں پہنچے ہیں ۔ جنہوں نے اس کھیل کو فروغ دینے اور مقبول بنانے میں بہت مدد کی۔
اس کھیل کی پذیرائی میں ماضی کے ان عظیم کھلاڑیوں کا بہت اہم کردار ہے ۔ اور ان پر لازم ہے کہ وہ ان کی خدمات کا اعتراف کریں ۔ پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ اگر ان کی ٹیم اس سیریز کے اختتام پر اس ٹرافی کو اٹھاتی ہے تو یہ اس تاریخی سیریز کا بہترین اختتام ہوگا۔
نیتھن لیون کی ورچوئل پریس کانفرنس
آسٹریلوی سپنر نیتھن لیون نے کہا ہے کہ ہرمیچ جیتنے کے لئے میدان میں اترتے ہیں ۔ اور پاکستان سے یہ میچ تین صفر سے جیت کر جانا ہمارا ہدف ہے ۔ پاکستان میں خود کو محفوظ محسوس کر رہے ہیں ۔ امید ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
نیتھن لیون کا ورچوئل پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ وہ پہلے ٹیسٹ میں دنیا کے بڑے بلے بازوں میں سے ایک بابر اعظم کے خلاف باؤلنگ کے چیلنج سے لطف اندوز ہوں گے ۔ میں نے اپنے کیریئر کے پہلے دن سے ہمیشہ کہا ہے کہ میں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں سے مقابلہ کرنا چاہتا ہوں ۔ بابراعظم یقیناً ان میں سے ایک ہیں۔ آسٹریلیا کا پاکستان میں کرکٹ کھیلنا ورلڈ کرکٹ اور پاکستانی مداحوں کے لئے اہم ہے ۔ نہ صرف آسٹریلیا بلکہ پاکستان میں بھی آسٹریلوی کھلاڑی رول ماڈل بن سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں 24 سال بعد آئے ہیں اور بہت فخر محسوس کر رہے ہیں ۔ راولپنڈی ٹیسٹ چیلنجنگ ضرور ہوگا لیکن ہم تیاری پوری کر رہے ہیں ۔ پاکستان میں مہمان نوازی کمال کی ہے اور ہم خوب انجوائے کر رہے ہیں۔
پاک آسٹریلیا سیریز کے لئے کمنٹیٹرز کا اعلان
آسٹریلیا کے ساتھ کھیلی جانے والی بینو قادر ٹرافی کے لیے کمنٹیٹرز کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف تاریخی سیریز کے لیے سابق کھلاڑیوں اور ممتاز کمنٹیٹرز پر مشتمل کمنٹری پینل کا اعلان کیا۔
انگلینڈ کے راب کی، آسٹریلیا کے مائیکل کیسپرووچ ، پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس، بازید خان اور قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز پر مشتمل پینل ہیں ۔ دونوں ممالک کے مابین 24 سال بعد 4 مارچ سے 5 اپریل تک پاکستان میں کھیلی جانے والی سیریز میں کمنٹری کرے گا۔
آسٹریلیا کے سابق اوپنر سائمن کیٹچ صرف بینو قادر ٹرافی میں کمنٹری کریں گے ۔ یہ ان کا اور مائیکل کیسپرووچ کا پاکستان میں کمنٹری ڈیبیو ہوگا ۔ زینب عباس اور سکندر بخت پری میچ اور پوسٹ میچ شوز کی میزبانی کریں گے ۔ پرزینٹر نیرولی میڈوزصرف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز کے لیے دستیاب ہوں گی۔
کوریج کے لئے 28 ایچ ڈی کیمروں کا استعمال
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کرکٹ سیریز کی کوریج کے دوران کُل 28 ایچ ڈی کیمرے استعمال کیے ہوں گے ۔ اس دوران ڈی آر ایس کے لیے ہاک آئی اور ایلٹرا ایج کیمروں کا بھی استعمال کیا جائے گا۔
تاریخی سیریز پر راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈیجیٹل باؤنڈرز نصب
آسٹریلیا کے ساتھ تاریخی سیریز پر راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ڈیجیٹل باؤنڈریز نصب کی جا رہی ہیں ۔ ٹیسٹ سیریز میں سپائیڈر کیم انسٹال نہیں کیا جائے گی ۔ ڈی آر ایس اور ہاک آئی کی سہولت سیریز میں موجود ہوگی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیسٹ رینکنگ
انٹرنینشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیسٹ رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی نویں پوزیشن برقرار ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ پلیئرز کی تازہ رینکنگ جاری کی گئی ۔ درجہ بندی کے مطابق آسٹریلوی بلےباز سٹیو اسمتھ کی ترقی ہوگئی اور وہ تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
آسٹریلیا کے ہی ڈیوڈ وارنر کی ٹاپ 10 میں انٹری ہوئی ہے جبکہ پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی نویں پوزیشن برقرار ہے ۔ باؤلرز میں پیٹ کمنز کی ٹاپ پوزیشن ہے جبکہ شاہین آفریدی بدستور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
ٹیسٹ آل راؤنڈز کی رینکنگ میں ٹاپ 10 میں کوئی بھی پاکستانی جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔