اداکارہ وینا ملک نے بچوں کی حوالگی کے کیس میں سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ۔
وینا ملک نے سپریم کورٹ دائر درخواست میں مؤقف اپنایا کہ بچے کراچی میں ہی تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ کیس راولپنڈی سے کراچی منتقل کیا جائے ۔ کیونکہ ، مقدمہ کی سماعت کیلئے کراچی سے ہر سماعت پر راولپنڈی آنا ممکن نہیں ۔
سپریم کورٹ پاکستان نے درخواست یکم مارچ کو سماعت کے لئے مقرر کر دی ۔ جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ سماعت کرے گ
عدالت نے وینا ملک کی درخواست پرسابق شوہر کو نوٹس جاری کردیا ہے۔

اس سے پہلے راولپنڈی کے سینئر سول جج راجہ فیصل رشید کی عدالت میں بچوں کی حوالگی سے متعلق اسد خٹک کیس کی سماعت ہوئی ۔ اداکارہ وینا ملک نے بچوں کو والد سے ملاقات کے لئے پیش نہ کیا ۔عدالت کا آئندہ سماعت پر بچوں کو عدالت پیش کرنے اور والد اسد خٹک سے ملاقات کرانے کی ہدایت کر دی۔
اسد خٹک کے وکیل نے موقف اپنایا کہ 2 ماہ ہو گئے ۔ بچوں کی اُن کے والد سے ملاقات نہیں کرائی گئی۔ ہر سماعت پر ان کی جانب سے کوئی بہانہ بنایا جاتا ہے ۔
وینا ملک کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ہم نے سپریم کورٹ میں کیس کراچی عدالت منتقل کرنے کی درخواست کر رکھی ہے۔ عدالت نے فریقین کا مؤقف سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت 10 مارچ تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ اسد خٹک اور وینا کی شادی 25 دسمبر 2013 میں ہوئی تھی۔ان کی شادی کئی سالوں سے خبروں کی زینت بنی رہی۔
2017 میں اداکارہ وینا نے اسد خٹک پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے ان پر ہاتھ اٹھایا ۔ جبکہ وینا نے لاہور کے فیملی جج کی عدالت میں خلع کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
مئی 2018 میں اداکارہ وینا ملک نے ایک نجی شو کے میزبان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت اپنے بچوں اور فیملی کے ساتھ خوشی سے زندگی گزار رہی ہیں۔
انہوں نے اس دوران تصدیق کی کہ وہ اسد خٹک سے خلع لے چکی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اداکارہ وینا ملک نے گزشتہ ماہ سوشل میڈیا پر اپنے شوہر اسد خٹک کے ہمراہ کئی تصاویر بھی شیئر کیں ۔ جن کو دیکھ کر بالکل اندازہ نہیں لگایا جاسکتا کہ ان دونوں کے درمیان علحیدگی ہوچکی ہے۔
وینا ملک کا ایک بیٹا اور بیٹی ہے ۔دونوں بچے کراچی کے اسکول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔