پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پہلے ایلیمنیٹر اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیت لیا۔ پشاور زلمی 5 وکٹوں سے شکست کے باعث ایونٹ سے باہر ہو گئی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔
پشاور قلندرز کے اوپنربلے باز کامران اکمل 58 اور شعیب ملک 55 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ حسین طلعت 28 ، محمد حارث 12 ، یاسرخان 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی نے 3 جبکہ شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاورزلمی کی جانب سے دیا گیا 170 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 19.3اوورز میں حاصل کر لیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں اوپنر ایلکس ہیلز نے 62 رنز کی اننگز کھیل کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔اس دوران انہوں نے ول جیکس اور شاداب خان کے ہمراہ بالترتیب 34 اور 43 رنز کی شراکت قائم کی۔
ول جیکس 11 اور شاداب خان 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔49 گیندوں پر مشتمل ایلکس ہیلز کی اننگز میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
آصف علی بھی 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ایسے میں فہیم اشرف نے اعظم خان کے ہمراہ جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پشاور زلمی کے تمام باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لینے کا فیصلہ کیا اور پانچویں وکٹ کے لیے 41 رنز کی شراکت قائم کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے آخری 6 گیندوں پر 10 رنز درکار تھےتاہم بینی ہاؤل نے میچ کے آخری اوور کی پہلی ہی گیند پر اعظم خان کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکےمیچ کو دلچسپ بنادیا۔ وہ 22 گیندوں پر 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
نئے آنے والے بیٹر لیام ڈاسن نے اگلی دو گیندوں پر ایک چھکا اورایک چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔ وہ 2 گیندوں پر 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ فہیم اشرف 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کے سلمان ارشاد نے 31 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ خالد عثمان اور بینی ہاؤل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
فہیم اشرف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پی ایس ایل سیون کا دوسرا ایلیمینٹر جمعے کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں شام ساڑھے 7 بجے مدمقابل ہوں گی۔