وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔ جس میں کورونا کی پانچویں لہر سے نمٹنے کے لئے آکسیجن پر ڈیوٹی اور ٹیکس میں چھوٹ کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی کے مطابق جون 2022ء تک طبی مقاصد کے لئے آکسیجن بلاتعطل فراہم کی جائے گی ۔ طبی مقاصد کے لئے آکسیجن گیس، سلنڈر اور کرائیوجینک ٹینکوں پر ڈیوٹی اور ٹیکس میں چھوٹ ملے گی ۔
کامیاب پاکستان پروگرام میں توسیع کی سمری منظور
کامیاب پاکستان پروگرام کی ملک بھر میں توسیع بارے فنانس ڈویژن کی پیش کردہ سمری بھی منظور کر لی گئی۔
ای سی سی نے درآمدی یوریا کی لاگت کے تخمینے پر بھی غور کیا ۔ ملک میں مجموعی طور پر 12 ارب 34 کروڑ روپے لاگت کی یوریا کی درآمد کی جائے گی ۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان اس کے درمیان آنے والی لاگت نصف فیصد کی بنیاد پر تقسیم کی جائے گی۔
سری لنکا کو 50ملین ڈالر ڈیفنس کریڈٹ لائن سہولت کی منظوری
اجلاس میں سری لنکا کو 50 ملین ڈالر کی ڈیفنس کریڈٹ لائن سہولت کی بھی منظوری دی گئی ۔ یہ فیصلہ دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو بڑھانے کے لئے کیا گیا۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ میں ٹی سی پی کے یوریا کے جہازوں کی آمد اور ترجیحی برتھنگ کی سمری بھی منظور کر لی گئی ۔ ای سی سی نے مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کی ضمنی گرانٹس کی بھی منظوری دے دی ہے۔