شاہ رخ خان بھی ہندتوا ایجنڈے کا نشانہ بن گئے

Spread the love

تنقید کرنے والوں نے یہ بھی معلوم کرنا گوارا نہ کیا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ کھڑی خاتون ان کی اہلیہ گوری خان ہی ہیں یا نہیں۔

شاہ رخ لتا کی آخری رسومات میں شرکت کے موقع پر
Spread the love

شاہ رخ لتا کی آخری رسومات میں شرکت کے موقع پر
بشکریہ گوگل: شاہ رخ خان کی لتا کے جنازے پر وائرل تصویر

لتا کے جنازے میں شرکت پر بی جے پی کے غنڈوں نے شاہ رخ خان کے پھوک مارنے کو تھوکنا بتانا شروع کر دیا۔

بالی ووڈ کی نامور گلوکارہ لتا منگیشکر کی آخری رسومات ممبئی کے شیوا جی پارک میں گزشتہ روز ادا کی گئیں۔ جس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں اور بالی ووڈ کی نامور شخصیات نے شرکت کی ۔جن میں شاہ رخ خان بھی شامل ہیں۔ خبروں کے مطابق کنگ خان اپنی اہلیہ کے ساتھ آئے اور انہوں نے میت کے سامنے کھڑے ہوکر دعا کے لیے ہاتھ بلند کیے ۔ شاہ رخ خان نے دعا ختم ہونے کے بعد ماسک نیچے کیا اور میت کی طرف منہ کر کے پھونک ماری۔

اس ویڈیو کو بنیاد بنا کر بی جے پی کے حامیوں نے الزام عائد کیا کہ شاہ رخ خان نے لتا منگیشکر پر تھوک پھینکا۔ سوشل میڈیا پر بھی مودی کے حامیوں نے شاہ رخ خان پر یہی الزام عائد کیا۔

بھارتیہ جنتا پارٹی ہریانہ کے انچارج ارن یادیو نے شاہ رخ خان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’کیا انہوں نے تھوکا ہے؟ ۔ اترپردیش بی جے پی کے ترجمان پرشانت امراؤ نے بھی اسی طرح کے الزام لگاتے ہوئے ٹوئیٹ کی۔انہوں نے لکھا کہ شاہ رخ خان تھوک رہا ہے۔ چیرو بھٹ نامی صارف نے بھی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شاہ رخ خان پر لتا منگیشکر کی میت پر تھوکنے کا الزام لگایا۔

تاہم دیگر سوشل میڈیا صارفین شاہ رخ خان کے ناقدین کو ٹوئٹر پر بتارہے ہیں کہ بالی وڈ کے بادشاہ دراصل لتا منگیشکر کی میت پر کچھ پڑھ کر پھونک رہے تھے۔انڈین ٹی وی اینکر گارگی راوت نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’دعا پڑھ کر پھونک مارنے جیسے اچھے عمل کو غلط رنگ دیا جارہا ہے۔‘سمینہ نامی صارف نے لکھا کہ ’شاہ رخ خان دعا پڑھ رہے ہیں اور لتا جی کی میت پر پھونک رہے ہیں اگلی دنیا میں حفاظت اور دعاؤں کے لیے۔انڈین فلم میکر اشوک پنڈت نے بھی شاہ رخ خان پر الزام لگانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا کہ ان پر تھوکنے جیسا جھوٹا الزام لگایا جارہا ہے۔

حیران کن موڑ
اس کہانی میں حیران کن موڑ یہ ہے کہ تنقید کرنے والوں نے یہ بھی معلوم کرنا گوارا نہ کیا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ کھڑی خاتون ان کی اہلیہ گوری خان ہی ہیں یا نہیں۔ مستند بھارتی میڈیا کے اداروں کے مطابق شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی مینیجر پوجا ڈاڈلانی نے لتا منگیشکر کی آخری رسومات میں شرکت کی یعنی گوری خان اس وقت شاہ رخ خان کے ساتھ موجود ہی نہ تھیں۔ پوجا کئی سال سے شاہ رخ کے ساتھ بطور مینیجر کام کر رہی ہیں اور وہ گوری خان کے ساتھ بھی اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر گاہے بگاہے شئیر کرتی رہتی ہیں۔  

کانگرس کے حامیوں اور کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا نے بی جے پی کی اوچھی حرکتوں کی  پرزور مذمت کی ہے۔ کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا کے مطابق کوئی ایسی تنزلی نہیں جس میں بی جے پی نہ گرتی ہو۔ بی جے پی ہریانہ کے رہنما کی شاہ رخ کو تنازعے میں دھکیلنے کی کوشش احمقانہ ہے۔ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سمیت بی جے پی کے کسی رہنما نے اپنی جماعت کے بے بنیاد پراپیگنڈا کی تردید یا مذمت نہیں کی ہے۔

لتا منگیشکر 92 برس کی عمر میں 6 فروری 2022 کو دار فانی سے کوچ کرگئیں، انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران فلم انڈسٹری اور بھارتی میوزک انڈسٹری کو مختلف زبانوں میں 30  ہزار سے زائد گانے دیے ۔ وہ 1974ء سے 1991ء تک گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ریکارڈ ہولڈر کے طور پر شامل رہیں۔ گنیز بک کے مطابق وہ دنیا میں سب سے زیادہ گانے ریکارڈ کرانے والی گلوکارہ ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے