شمالی کوریا کا میزائل کا کامیاب تجربہ

Spread the love

شمالی کوریا نے 2017 کے بعد طاقتور ترین میزائل تجربہ کیا ہے، جس کی تصدیق حکام نے بھی کر دی۔

شمالی کوریا کے مطابق اس نے اتوار کو ہواسونگ 12 درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل ٹیسٹ کیا جو اس نے 2017 کے بعد پہلی بار اس سائز کے ہتھیار کا تجربہ کیا ہے۔

شمالی کوریا کے مطابق ہواسونگ میزائل کی رینج 8ہزار500 سے 13ہزار کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

جاپان اور جنوبی کوریا نے اتوار کی صبح شمالی کوریا کے مشتبہ درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کے لانچ کا پتہ لگایا جو اس مہینے کا ساتواں ہتھیاروں کا تجربہ ہے۔

عالمی ماہرین کا دعویٰ ہے کہ دور تک مار کرنے والا یہ شمالی کوریا کا اب تک کا سب سے طاقتور بیلسٹک میزائل تجربہ ہے۔

جاپان اور جنوبی کوریا نے اس تجربے کو علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے متنبہ کیا کہ یہ لانچ طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں اور جوہری بموں کے دوبارہ تجربات کا باعث بن سکتا ہے۔

شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سی این اے نے تصدیق کی کہ زمین سے زمین تک مار کرنے والے درمیانی فاصلے کے بیلسٹک میزائل ہواسونگ 12  کا تجربہ دفاعی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔

شمالی کوریا نے پہلے کہا تھا کہ یہ میزائل بڑے سائز کا بھاری جوہری سامان لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

شمالی کوریا کی سرکاری نیوزایجنسی کے مطابق میزائل لانچ اس طرح سے کیا گیا تاکہ پڑوسی ممالک کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور اس کا ٹیسٹ وار ہیڈ ایک کیمرے کے ساتھ نصب کیا گیا تھا جو خلا میں رہتے ہوئے تصاویرلینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سرکاری میڈیا کی طرف سے جاری کردہ تصاویر میں ایک گول کیمرہ لینس کے ذریعے شمالی کوریا اور آس پاس کے علاقوں کی خلا پر مبنی تصاویر دکھائی گئیں، تجزیہ کاروں نے کہا کہ شمالی کوریا نے پہلی بار 2017 میں ایسی تصاویر لیں تھیں۔

امریکہ نے شمالی کوریا کے بڑھتے ہوئے میزائل تجربات پر تشویش کا اظہار کیا ہے  اور شمالی کوریا کے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے مذاکرات میں واپس آجائے۔

امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان مذاکرات 2019 سے تعطل کا شکار ہیں ۔

شمالی کوریا نے اس ماہ کے شروع میں اشارہ دیا تھا کہ وہ اپنے طویل ترین فاصلے تک مار کرنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں اور جوہری ہتھیاروں کے تجربات پر خود سے عائد پابندی ختم کر سکتا ہے۔

شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن ملکی دفاع کو مضبوط تر کرنے کے عزم کا اظہار کرتے رہے ہیں اور عالمی پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے مسلسل بیلسٹک میزائل تجربات بھی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جنوبی کوریا اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ تاریخی ملاقاتوں اور مذکرات کی ناکامی کے بعد سے شمالی کوریا نے جوہری ہتھیاروں کی تیاری بھی دوبارہ شروع کردی ہے۔