پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تربت کا دورہ کیا، کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے سپہ سالار کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تربت کے بعدآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے ضلع کیچ کا دورہ کیا،سپہ سالا نے پورا دن جوانوں کے ساتھ گزارا اور کیچ میں تعینات فوجیوں سے بات چیت کی جبکہ کور ہیڈکوارٹر ایف سی بلوچستان جنوبی میں بریفنگ دی گئی ۔ پاک ایران باڑ لگانے سمیت سکیورٹی اقدامات پر بھی بریف کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کو بتایا گیا کہ بلوچستان حکومت کو ترقیاتی منصوبوں میں بھرپور تعاون فراہم کیا جا رہا ہے ۔ پاک فوج کے صوبائی حکومتی مدد کے لیے سماجی و اقتصادی اقدامات جاری ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھائی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بریفنگ کے دوران بتایا کہ بلوچستان میں سکیورٹی صورتحال غیر مستحکم کرنے کی دشمن کی کاوشوں کا مقابلہ کیا جا رہا ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فوج پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے صوبائی حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، صوبے کی ترقی اور خوشحالی کا مطلب ملک کی ترقی ہے۔

سپہ سالا نے واضح کر دیا کہ دشمن قوتوں کی طرف سے خلل ڈالنے والی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، بلوچستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب چند روز قبل دہشت گردوں کے حملے میں بلوچستان کے ضلع کیچ میں 10 جوان شہید ہوئے تھے۔