پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی رپورٹ خفیہ رکھنے کی استدعا مسترد

Spread the love

الیکشن کمیشن نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ ہم ایسا آرڈر کیسے جاری کر سکتے ہیں جب ہمارے سامنے پیش رپورٹ پبلک دستاویز بن چکی ہے۔

گزشتہ سماعت میں پی ٹی آئی کے وکیل شاہ خاور نے الیکشن کمیشن سے رپورٹ پبلک نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔

چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ نے دوران ریمارکس دیئے کہ کچھ بھی خفیہ ہے نہ ہوگا جن دستاویزات کی بنیاد پر رپورٹ بنی ہے وہ  بھی پبلک ہیں ، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی وکیل کی مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے فارن فنڈنگ کیس میں یکم فروری تک جواب مانگ لیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے خلاف قائم سکروٹنی  کمیٹی کو 10 روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق فرخ حبیب پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فریق نہیں ہیں،فرخ حبیب الگ سے درخواست دائر کرسکتے ہیں۔

وزیرمملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے تمام اکاؤنٹس کی تفصیلات بتا دیں، ایک ایک پیسے کا ریکارڈ موجود ہے، رپورٹ میں کہاں لکھا ہے بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ آئی، الزام لگانے والوں کو معافی مانگی چاہیئے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ اکبر ایس بابر کو اسکروٹنی کمیٹی نے فارغ کر دیا، تحریک انصاف کے خلاف بیانیہ بنانے والوں کو شکست ہوئی، بلاول بھٹو اور مریم بھی سامنے آئیں اور اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات سامنے لائیں، ن لیگ بتائیں یہ بھون داس کون ہے جو ان کے اکاؤنٹس میں پیسے بھیجتا رہا، بلاول نے بھی 35 کروڑ کا حساب دینا ہے، اسٹیٹ بینک رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی نے بھی 11 اکاؤنٹس چھپا رکھے ہیں۔

فرخ حبیب نے انکشاف کیا کہ ن لیگ برطانیہ میں پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹرڈ ہے، الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق شفاف طریقے سے تمام جماعتوں کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی کرے، تحریک انصاف کا تمام ریکارڈ نوٹرائزڈ ہے، ن لیگ، پیپلزپارٹی رسیدیں فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی، ن لیگ کے حوالہ ہنڈی اور ٹی ٹیز سے پیسے آتے ہیں۔

اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دنیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا کرکٹ کی کمپنی ایک جماعت کو فنڈنگ کرتی ہے، غیر ملکی کمپنیوں کی فنڈنگ،اکاونٹس اور روپے رپورٹ میں ثابت ہوگئے ہیں ، الیکشن کمیشن کو پہلے کہتے تھے کمیٹی سے کیس کو نکالیں ۔

انہوں نے کہا کہ حقائق جاننا عوام کا حق ہے آج کا فیصلہ تاریخی ہے ، عمران خان کے لیئے پیغام ہے یہ میری ذاتی جنگ نہیں ہے پاکستان کی جنگ ہے، اب ہم پی ٹی آئی کے ورکرز کو اکھٹا کریں گے، تمام خفیہ ریکارڈ جب سامنے آئے گا تو مزید انکشافات ہوں گے۔ درخواست گزار اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں ہمارے الزامات ثابت ہوچکے ہیں،غیر قانونی فنڈنگ کتںی اسکیل پر ہوئی یہ ثابت ہونا باقی ہے۔ عمران خان کے لئے پیغام ہے یہ میری ذاتی جنگ نہیں ، پاکستان کی جنگ ہے۔