پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجرمان واپسی کے معاہدے سےمتعلق وزارت داخلہ میں اہم اجلاس ہوا ہے جس کی صدارت وفاقی وزیرداخلہ شیخ شید احمد نے کی۔
خصوصی وزارتی کمیٹی اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری اور مشیر برائے داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر، سیکرٹری وزارت قانون، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر اعلی حکام شریک ہوئے۔
وفاقی کابینہ کی تشکیل دی گئی خصوصی وزارتی کمیٹی کی جانب سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجرمان واپسی معاہدے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ برطانیہ کے ساتھ مجرمان واپسی کے معاہدے کو بہترین عوامی مفاد میں دستخط کیا جائے گا ، معاہدے کو وفاقی کابینہ میں لے جانے سے پہلے برطانیہ سے مزید مشاورت کی جائے گی۔
معاہدے سے پاکستان اور برطانیہ اپنے سزا یافتہ مجرمان کو ایک دوسرے کے ممالک واپس بھیج سکیں گے ، معاہدے سے صرف ایسے شہریوں کو واپس لانے کی اجازت ہوگی جن کو متعلقہ عدالتیں سزائیں سنا چکی ہیں۔
برطانیہ سے مشاورت کے بعد معاہدے کو وفاقی کابینہ سے حتمی منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا ، مجرمان واپسی معاہدے سےمتعلق مذاکرات کا پہلا راؤنڈ اکتوبر 2019 میں منعقد ہوا تھا۔