وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں بابراعوان اورفرخ حبیب کی طرف سے فارن فنڈنگ کیس پر بریفنگ دی ۔
مشیرپارلیمانی اموربابراعوان نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ 74سال میں پی ٹی آئی پہلی جماعت ہے جس نے فنڈنگ ذرائع بتائے،ہم نے اپنے ووٹرز کو تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کردیں ، الیکشن کمیشن دوسری جماعتوں کی فنڈنگ ذرائع بھی سامنے لائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے تاریخ رقم کی ہے اور یہ ہماری فتح ہے، وزیراعظم کو بتایا گیا مالیاتی بل اسی ہفتے اسمبلی میں لائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کو پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے سانحہ مری پر بریفنگ دی، وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مری پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی جلد ازجلد سانحہ مری کے حقائق سامنے لائے، ساری چیزوں کو ریگولیٹ کرنے کی ضرورت ہے، مری میں رہائش کی کمی کو دور کرنے پر زوردیا جائے،جدید طریقے سے سارے معاملے کو ہینڈل کیا جائے۔
وزیرخزانہ شوکت ترین نے اجلاس میں معیشت پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے ملاقات کی ، جس میں ملک بھر میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط اور فعال بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پی ٹی آئی خیبر پختونخواکے صدر اور وزیر دفاع پرویز خٹک، پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اور وزیر تعلیم شفقت محمود، پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے صدر اور وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار، پی ٹی آئی سندھ کے صدر اوروزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی، پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری اور پی ٹی آئی کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عامر محمود کیانی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے تمام پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ ملک بھر میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے موثر اقدامات کریں۔
انہوں نے مختلف صوبوں اور علاقوں میں آنے والے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے کارکنوں کو موثر انداز میں متحرک کرنے کی بھی ہدایت کی۔