ایتھوپیا میں آئی ڈی پیز کے کیمپ پر فضائی بمباری،56 افراد ہلاک اور 30 زخمی

ETHOPIA IDP CAMP TWITTER IMAGE
Spread the love

ایتھوپیا کے شورش زدہ علاقے تیگرائی کے آئی ڈی پیز کے کیمپ پر فضائی بمباری میں 56 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

امدادی کارکنوں اور ٹی پی ایل ایف کا کہنا ہے کہ اریٹیریا کی سرحد کے قریب بے گھر افراد کے کیمپ پر فضائی حملے کیے گئے،متاثرین وہ لوگ تھے جو پہلے مغربی ٹگرے میں لڑتے ہوئے بھاگ گئے تھے۔

خبرایجنسی کا دعویٰ ہے کہ حملہ ایتھوپیا کی فوج کی جانب سے حکومت مخالف مسلح باغیوں کو کچلنے کے لیے کیا تاہم رائٹرز کی جانب سے حملے سے متعلق سوال پر ایتھوپیائی فوج کے ترجمان نے جواب دینے سے گریز کیا ، وزیر اعظم ابی احمد کی ترجمان بلین سیوم نے تبصرے سے گریز کیا۔

امدادی کارکنوں کےمطابق شیر سہول جنرل اسپتال میں زیرعلاج افراد میں بوڑھی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ،7 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

https://twitter.com/reda_getachew/status/1479812704911212545

ایتھوپیا میں حکومت مخالف گڑھ تیگرائی میں مسلح باغی اور افواج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے، حکومت اس سے قبل باغی ٹگراین فورسز کے ساتھ 14 ماہ کی لڑائی میں شہریوں کو نشانہ بنانے سے انکار کر چکی ہے۔

رپورٹس کے مطابق 8جنوری کو حکومت نے کئی اپوزیشن رہنماؤں کو جیل سے رہا کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ مفاہمت کو فروغ دینے کے لیے سیاسی مخالفین کے ساتھ بات چیت شروع کرے گی۔

ٹی پی ایل ایف نے قومی مفاہمت کے لیے حکومت کے اقدامات پر شکوک کا اظہار کیا، ٹی پی ایل ایف نے حکومت پر امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پابندیوں کی وجہ سے بھوک اور ایندھن اور ادویات جیسی ضروری اشیاء کی قلت پیدا ہو رہی ہے ، حکومت امدادی قافلوں کے گزرنے کو روکنے کی تردید کرتی ہے۔

امریکہ نے تازہ ترین فضائی حملے کی مذمت کرتے ہوئے لڑائی کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

https://twitter.com/AsstSecStateAF/status/1479946596129386501

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ ٹیگرے میں جاری فضائی حملے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جو ناقابل قبول ہے ، انہوں نے معاملے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پرزور دیا اور متاثرین کی امداد کو بھی بڑھانے کا مطالبہ کیا۔

یورپی یونین نے کہا کہ حزب اختلاف کے رہنماؤں کی رہائی ایک مثبت اقدام لیکن تازہ ترین فضائی حملے کا حوالہ دیتے ہوئے ٹیگرے میں جاری تنازعے پر تشویش ہے۔

اقوام متحدہ نے آئی ڈی پیز کے کیمپ پر حملے پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے بے گھر افراد کو اشیائے ضروریہ ،ادویات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔