مری آفت زدہ قرار، ایمرجنسی کا نفاذ، وزیراعلی پنجاب کا ریسکیو آپرمزید تیز کرنے کا حکم

Muree pakistan twitter image
Spread the love

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شدید برفباری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مری میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے اور مری کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے، اس ضمن میں ریلیف کمشنر/ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنا ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو سرگرمیوں کے لئے دے دیا ہے او رہیلی کاپٹر لاہور سے روانہ کیا،  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مری کی صورتحال کے تناظر میں تمام اداروں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، پولیس، انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور ہسپتالوں میں ہنگامی حالت کا نفاذ کیا گیا ہے ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ریلیف کمشنر، ڈی جی ریسکیو 1122اور ڈی جی پی ڈی ایم کو ریسکیو سرگرمیوں کی ہدایت کی گئی ہے۔،امدادی سرگرمیوں کے لئے فوج کو بھی سول انتظامیہ کی مدد کے لئے طلب کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالنا پہلی ترجیح ہے، مری اور ملحقہ علاقوں میں تمام ریسٹ ہاؤسز اور سرکاری اداروں کو سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا ہے، ڈی جی ریسکیو 1122 کو فوری طور پر مری جا کر ریسکیو آپریشن کو لیڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، سنو کٹر اور ضروری مشینری راولپنڈی اور دیگر شہروں سے مری بھجوائی گئی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ سیاحوں کی زندگیاں سب سے اہم ہیں، سیاحوں کو نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے اور سیاحوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور ضروری امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مری میں برفباری کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور حکومت سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

دریں اثناء  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مری میں برف باری میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم دیا ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو 1122 کے افسران اور عملہ امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ریسکیو آپریشن کیلئے راولپنڈی اور دیگر شہروں سے اضافی مشینری اور عملہ مری بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کو ضروری امدادی اشیاء بھی فراہم کی جائیں۔  

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت 90 شاہراہ قائداعظم پر مری میں شدید برفباری سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مری میں جاری ریسکیو آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مری میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن تیز کیا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ مری جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں اور خیبرپختونخوا کی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ رات سے قبل سیاحوں کو نکالنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اور سیاحوں کو بحفاظت نکالنے کیلئے ہر وہ اقدام اٹھایا جائے جو انسانی بس میں ہو۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہمری میں ریسٹ ہاؤسز اور سرکاری دفاتر کو سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا ہے، مری کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، پولیس کی اضافی نفری کو مری بھجوانے کی ہدایت کی ہے اور امدادی سرگرمیوں کیلئے فوج کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مری میں بجلی کی بحالی کیلئے واپڈا حکام سے رابطے میں ہیں۔پھنسے ہوئے سیاحوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر امدادی سامان ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیا جا رہا ہے، مری میں کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات لے کر جانے والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہے۔

وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دیگر شہروں سے ضروری مشینری بھی مری بھجوائی گئی ہے

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میں تمام صورتحال کا خود جائزہ لے رہا ہوں اور ہماری کوشش ہے کہ رات سے قبل ریسکیو آپریشن کو مکمل کر لیا جائے اور اس مقصد کیلئے پنجاب حکومت کی تمام مشینری مری میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر کمشنر آفس راولپنڈی اور پی ڈی ایم اے میں کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے