آسٹریلیا کے سخت کورونا قوانین، عالمی نمبر ون ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ

Spread the love

آسٹریلیا نے کورونا کے سخت قوانین کو پورا نہ کرنے پر عالمی نمبر ون ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کا ویز ا منسوخ کرکے انہیں ڈی پورٹ کرنےکا فیصلہ کرلیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق نوواک جوکووچ  آسٹریلین اوپن میں شرکت کے لیے بدھ کو میلبرن پہنچے تو ائیر پورٹ حکام نے سربین ٹینس اسٹار کو ویکسین سے استثنیٰ اور غلط ویزا کی بنیاد پر داخلے سے روک دیا، ان کی ٹیم نے ویزے کے لیے درخواست دی تھی جو طبی استثنیٰ کی اجازت نہیں دیتا۔

وکٹوریہ کی مقامی حکومت نے کہا کہ وہ جوکووچ کی درخواست کی حمایت نہیں کرے گی جس سے ان کی قسمت کا فیصلہ وفاقی حکومت اور وزیر اعظم سکاٹ موریسن کے ہاتھ میں آ جائے گا۔ کئی گھنٹے انہیں ایئرپورٹ پر ہی رکھا گیا جس کے بعد ان کا ویزا منسوخ کرنے کا فیصلہ سنا دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے ٹوئٹ کے ذریعے تصدیق کیکہ جوکوچ کا ویزا منسوخ کر دیا گیا ہے، اصول اصول ہوتے ہیں، خاص کر جب بات ہماری سرحدوں کی ہو،  کوئی بھی ان اصولوں سے بالاتر نہیں،  ہماری مضبوط سرحدی پالیسیاں آسٹریلیا کے لیے اہم رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا میں کووڈ سے دنیا میں سب سے کم اموات کی شرح ہے۔

سربیا کے صدر آسٹریلوی حکومت پر برس پڑے اور ٹینس اسٹار کے ساتھ ناروا سلو ک کی مذمت کرتے ہوئے جوکووچ سے فون پر گفتگو میں کہا کہ پورا سربیا آپ کے ساتھ ہے ، دنیا کے بہترین کھلاڑی کے ساتھ نا روا سلوک کا معاملہ اٹھانے کے اقدامات کررہے ہیں ، عالمی قوانین کے تحت جوکووچ کو انصاف دلانے کے لیے لڑیں گے۔

جوکووچ کو ویکسی نیشن قوانین سے مستثنیٰ ہونے کے بعد آسٹریلین اوپن میں کھیلنا تھا لیکن ان کی ٹیم نے ویزے کی درخواست نہیں کی تھی جو ویکسین نہ لگوانے پر طبی چھوٹ کی اجازت دیتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ٹینس اسٹار سے میلبرن ٹولامیرین ائیر پورٹ کے ایک کمرے میں ویزےکی حیثیت اور استثنیٰ کے ثبوت کے بارے میں 8 گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی، طویل انتظار کے بعد آسٹریلوی حکام نے ان کا ویزا منسوخ کردیا ہے۔

آسٹریلیا کے وزیر داخلہ کیرن اینڈریوز نے کہا کہ جو لوگ ہماری سخت شرائط پر پورا نہیں اترتے انہیں آسٹریلیا میں داخلے سے روک دیا جائے گا، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کون ہیں۔

آسٹریلوی حکومت کی جانب سے نواک جوکووچ کو ویزا فارم میں غلطی کی وجہ سے ملک میں داخلے سے روکنے کے غیر معمولی اقدام سے آسٹریلیا اور سربیا کے درمیان سفارتی تنازع پیش آنے کا خطرہ ہے۔

سربیا کے میڈیا نے رپورٹ کیا کہ سربین  صدر نے دارالحکومت بلغراد میں آسٹریلوی سفیر کو طلب کیا اور مطالبہ کیا تھا کہ وہ جوکووچ کو کھیلنے کے لیے فوری طور پر رہا کریں ۔

جوکووچ کے والد سرڈجان نے بتایا کہ ان کے بیٹے کو مسلح گارڈ کے پہرے میں ہوائی اڈے کے ایک کمرے میں رکھا گیا اور وہ اکیلا اس فیصلے کا انتظار کر رہا تھا کہ آیا اسے ملک میں داخلے کی اجازت اجازت دی جائے گی یا نہیں۔

رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی حکومت کی جانب سے نواک جوکووچ کو آسٹرلین اوپن کھیلنے کے لیے لازمی ویکسی نیشن سے طبی استثنیٰ دینے کے فیصلے پر شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے نتیجے میں وزیر اعظم کی قدامت پسند انتظامیہ اور جنوب مشرقی آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ کے پریمیئر ڈین اینڈریوز کی قیادت میں بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والی وکٹورین حکومت نے ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھائیں۔

آسٹریلیا، خاص طور پر وکٹوریہ کی ریاست نے دنیا کے طویل ترین مجموعی لاک ڈاؤن کو برداشت کیا ہے ،اومی کرون ویرینٹ کے پھیلنے سے اعدادوشمار ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے ہیں، اس رد عمل کے بعد  آسٹریلوی صدر نے مشورہ دیا کہ نواک جوکووچ کو وفاقی حکومت کو مطمئن کرنا ہوگا۔

اسکاٹ موریسن نے نواک جوکووچ کی آمد سے کچھ دیر پہلے کہا تھا کہ ان کے استثنیٰ  پر ان کے لیے کوئی خاص قواعد نہیں ہوں گے ، انہوں نے اس سے قبل پریس کانفرنس میں کہا کہ اگر یہ ثبوت ناکافی ہیں تو پھر ان کے ساتھ کسی اور سے مختلف سلوک نہیں کیا جائے گا اور وہ اگلے طیارے میں گھر پہنچ جائیں گے۔

عالمی نمبر ون نواک جوکووچ نے اپریل 2020 میں کووڈ 19 سے بچاؤ کی ویکسین کی مخالفت کا اظہار کیا تھا جب یہ تجویز کیا گیا تھا کہ وہ ٹورنامنٹ کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے ویکسین لازم ہو سکتی ہے۔

جوکووچ نے کبھی عوامی طور پر یہ ظاہر نہیں کیا ہے کہ انہوں نے ویکسین لگاوئی ہے یا نہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں جب جوکووچ نے کسی مروجہ طبی عمل کی مخالفت کی ہو ، وہ اس سے قبل 2017 میں کہنی کی تکلیف کے وقت سرجری کی مخالفت کر رہے تھے، یہ فیصلہ اس وقت ان کے کوچ آندرے اگاسی سے ان کی علیحدگی کا باعث بنا تھا۔

آسٹریلین اوپن میں ریکارڈ توڑ 21 ویں گرینڈ سلیم جیت کے خواہاں ہیں، اس سے پہلے وہ 20 گرینڈ سلیم جیت چکے ہیں۔

2 thoughts on “آسٹریلیا کے سخت کورونا قوانین، عالمی نمبر ون ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ

  1. […] آسٹریلیا کی فیڈرل کورٹ نے سربیا سے تعلق رکھنے والے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کی ویزا اپیل مقدمے مسترد کر دی ، عدالت نے سربین ٹینس اسٹار کو آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کرنے کا حکم دیا ، آسٹریلوی حکومت نے نواک جوکووچ کا ویزہ دوسری بار مسترد کر دیا تھا اور نوواک جوکووچ نے پھر عدالت سے رجوع کیا۔ […]

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے