سی ڈی اے بورڈ کا رواں برس کا پہلا اجلاس

CDA BOARD MEETING SOCIAL MEDIA
Spread the love

وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) بورڈ کا رواں برس کا پہلا اجلاس چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا جس میں تمام بورڈ ممبران کمشنر راولپنڈی، ممبر فنانس، ممبر ایڈمن، ممبر انجینئرنگ، ممبر اسٹیٹ، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن، نئیر علی دادا، پروفیسر افتخار حسین عارف، پروفیسر ڈاکٹر محمد علی اور علی اصغر خان نے شرکت کی، اجلاس میں گزشتہ برس کے آخری اجلاس کی کارروائی کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے تحت تیار کئے جانے والے اوورسیز انکلیو اپارٹمنٹس کو وفاقی کابینہ میں جمع کروانے کی منظوری دی گئی۔ ایف نائن پارک گیلری کے لئے نامور شاعر افتخار عارف کی سربراہی میں ایڈوائزری کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی گئی جس میں ملک کے نامور فنکار اور شعراء حضرات بشمول کشور ناہید، اقصی مفتی، جمال شاہ اور دیگر شامل ہوں گے۔

سی ڈی اے کے ایسے عارضی  ملازمین جو مستقل ہونے کی اہلیت پر پورا اترتے ہیں مگر تکنیکی وجوہات کی بناء تر مستقل نہیں ہو سکے ان کو ریگولر کرنے کے لئے بھی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

بورڈ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد ہائی وے کا کام پی پی آر اے رول (42) ایف کے تحت دیا جائے تاکہ کورال اور روات تک حصے پر مسافروں کے درپیش مسائل کو کم سے کم کیا جاسکے۔

شہریوں کی سہولیات کے پیش نظر بورڈ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پارک انکلیو میں دو نئے فسلٹیشن سینٹرز قائم کئے جائیں ،

علاوہ ازیں سیکٹر آئی فورٹین مرکز کے نظرثانی پلان کی منظوری بھی رواں برس کے پہلے بورڈ اجلاس میں دی گئی ، فیڈرل گورنمنٹ کی ٹیمز کی طرح ادارے میں کام کرنے والے  متعلقہ افسران اور ملازمین کے لئے کورونا رسک الاؤنس کی منظوری بھی بورڈ اجلاس میں دی گئی۔

 کنٹرول جنرل اکائونٹس کی درخواست پر سیکٹر جی فائیو میں دفتر کی تعمیر کے لئے پلاٹ کی الاٹمنٹ ،  سی ڈی اے ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ کو وفاقی حکومت کے نئے منظورشدہ ریٹ کے مطابق ادارے میں اطلاق کی بھی منظوری دی گئی ہے۔