سعودی عرب میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، مکہ مکرمہ مدینہ حیران کُن مناظر کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں ، سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کرتی تصاویر میں ابرِ رحمت کو مسجد الحرام پر برستا دیکھا جاسکتا ہے۔
مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں تیز بارش کے باوجود عمرہ زائرین خانہ کعبہ کا طواف ، صفا اور مروہ کی سعی کرتے رہے جبکہ نمازی اپنی عبادت میں مشغول رہے اور خوش گوار موسم میں عبادت کا لطف اٹھاتے رہے۔
اس سے قبل 29دسمبر کو بھی بارش نے جل تھل ایک کر دیا ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں باران رحمت برسنے کے روح پرور مناظر نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ ایک بار پھر اپنی جانب مبذول کرالی ہے۔
حرمین شریفین کے ٹوئٹر اکاونٹ پر مسجد نبوی اور خانہ کعبہ میں برستی بارش کے خوبصورت مناظر کو دکھایا گیا ہے۔ویڈیو میں جہاں ایک طرف خانہ کعبہ پر برستی بارش کی بوندیں دیکھنے والے کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہیں تو دوسری جانب مسجد الحرام میں موجود زائرین کو بارش میں خانہ کعبہ کا طواف کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب مکہ مکرمہ کے ایک رہائشی علاقے میں بارش کے دوران بجلی کا کھمبا گرگیا،سعودی الیکٹرک کمپنی کی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی فوری طورپرجائے وقوعہ پرپہنچ گئیں جنہوں نے سڑک کوٹریفک کے لیے بند کرکے کھمبا وہاں سے ہٹانے اور بجلی کے کیبل درست کرنے کا آغاز کیا۔