فاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ گیس کے ذخائر میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، گیس کی سپلائی اتنی ہی ہے جتنی زمین سے نکل رہی ہے، ٹیمیں محنت کر رہی ہیں امید ہے گیس سپلائی بہتر ہوجائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر نے بتایا کہ گیس کی طلب بڑھتی جارہی ہے، سردیوں میں گھریلو گیس صارفین کی طلب بڑھ جاتی ہے ، ایک حد سے زیادہ سستی گیس سپلائی نہیں کی جا سکتی۔
حماداظہر کا کہنا تھا کہ سردیوں میں دیگر سیکٹرز کو گیس روک کر گھریلو صارفین کو دی جاتی ہے، 10 سے 11 کارگو آئیں گے، سسٹم میں گیس کی سپلائی بہتر کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
اس سے قبل حماد اظہر نے کہا تھا کہ ایل این جی اور سردیوں میں ہونے والے گیس بحران کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے،ماضی میں مسلم لیگ ن نے روس کی ایک بلیک لسٹ کمپنی کے ساتھ ایل این جی کی خرید و فروخت کا معاہدہ کیا، اس معاملے کو روسی حکام کے سامنے اٹھایا گیا، ایک دو ماہ میں یہ مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔
