میک ڈونلڈز کو جاپان میں فرنچ فرائز بنانے کے لئے آلو نہیں مل رہے
دنیا کی سب سے بڑی فاسٹ فوڈ کمپنی میکڈونلڈز عالمی سپلائی چین کے بحران کی وجہ سے جاپان میں چپ کی کمی کا شکار ہے۔ لیکن مسئلے کی وجہ سیمی کنڈکٹرز کی کمی نہیں ۔ فرم کے مطابق اسے ان آلوؤں کی ترسیل میں تاخیر کا سامنا ہے جو اس کے مشہور فرنچ فرائز بنانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ اس لئے میکڈونلڈ جاپان میں 30 دسمبر تک فرنچ فرائز کے صرف چھوٹے چھوٹے پورشنز فروخت کرے گا۔ میکڈونلڈ جاپان نے عارضی طور پر درمیانے اور بڑے سائز کے فرنچ فرائز کی فروخت کو محدود کر دیا ہے تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ صارفین میکڈونلڈ فرنچ فرائز سے لطف اندوز ہوتے رہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین جاپان میں واقع میکڈونلڈز کے تمام ریسٹورنٹس پر چھوٹے سائز کے فرنچ فرائز کا آرڈر دے سکتے ہیں۔ میکڈونلڈز کے مطابق فرنچ فرائز بنانے کے لئے عام طور پر آلو کینیڈا میں وینکوور کے قریب واقع ایک بندرگاہ سے درآمد کئے جاتے ہیں۔ تاہم بحری جہازوں کو سیلاب سے ہونے والے نقصان اور عالمی سپلائی چین پر وبائی امراض کے اثرات کی وجہ سے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اب میکڈونلڈ متبادل اقدامات بشمول جاپان کو پروازوں کے ذریعے آلوؤں کی فراہمی کی طرف رجوع کرنے کا سوچ رہی ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب جاپان میں میک ڈونلڈز کو فرنچ فرائز کے سائز کو گھٹانا پڑا ہے۔ 2014 میں، امریکہ کے مغربی ساحل پر 29 بندرگاہوں پر 20 ہزار بندرگاہی ورکرز، ٹرمینل آپریٹرز اور شپنگ لائنوں کے درمیان ایک طویل صنعتی تنازعہ فرنچ فرائز کی کمی کا باعث بنا تھا۔ تب بھی میکڈونلڈز جاپان نے ہنگامی طور پر فرنچ فرائز کا سائز چھوٹا کرکے فروخت کیا اور1 ہزار ٹن آلو جہازوں میں بھر کر جاپان پہنچائے گئے تھے۔ اس سال اگست میں میکڈونلڈز نے اعلان کیا تھا کہ برطانیہ میں 1250 آؤٹ لیٹس پر شیک اور بوتل بند مشروبات کی دستیابی سپلائی کے مسائل کے باعث متاثر ہوئی ہے۔ تب کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ لاری ڈرائیوروں کی ملک گیر کمی رکاوٹ کی وجہ ہے۔
جاپان میں آلو نایاب،میک ڈونلڈز کو فرنچ فرائز بنانے کے لئے آلو نہیں مل رہے
