کے پاپ اور بی ٹی ایس کیا ہے؟

Spread the love

کے پاپ کی انوکھی بات ہیجان انگیزی نہیں بلکہ سنجیدہ سماجی موضوعات پر آواز اُٹھانا ہے،،، آسان الفاظ میں کہا جا سکتا ہے کہ کے پاپ میوزک معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی آواز ہے، معاشرے کے ٹھکرائے اور دھتکارے ہوئے لوگ جب کے پاپ سنتے ہیں تو اُنھیں اس میں پیار اور قبولیت کا پیغام ملتا ہے،، کے پاپ نوجوانوں کو خوابوں کی تعبیر پانے کی ہمت دیتا ہے

بی ٹی ایس کی تصویر
Spread the love

کے پاپ سے مراد کورین پاپ میوزک ہے جو پاکستان کے نوجوانوں کا بھی پسندیدہ ترین میوزک ہے۔ کوریا کی مناسبت سے گائیکی کی اس صنف کو کے پاپ کا نام دیا گیا ہے۔

مشہور گانا گنگم سٹائل اور بچوں کا گانا بے بی شارک کے پاپ کی ہی اختراع ہیں،، پاکستانی نوجوانوں میں کے پاپ کی شہرت کا یہ عالم ہے کہ نوجوان مختلف پروگرامز میں یہ گانے گا کر ان پر جھومتے نظر آتے ہیں،، جیسے ہی کوئی گلوکار گانے کے لئے مائیک پکڑتا ہے سب پرجوش انداز میں اس کا ساتھ دیتے ہیں،،

’کے پاپ‘ ہے کیا؟
عام خیال کیا جاتا ہے کورین میوزک یا کے پاپ ایک آڈیو ویژول تجربہ ہے۔ جس کے ساتھ ڈانس کا امتزاج اسے مزید سریلا بنا دیتا ہے،، اس طرز کی موسیقی مختلف ملکوں میں رائج موسیقیوں کی مختلف اقسام کو ملا کر ترتیب دی گئی ہے،،، کوریا کے جو بینڈز کے پاپ میوزک بناتے ہیں ان میں عموماً ایک وقت میں سات سے گیارہ نوجوان شامل ہوتے ہیں، نوجوانوں کا ڈانس، آواز اور لباس وغیرہ کے پاپ کا جزولاینفک ہیں،، کے پاپ میوزک کی کئی اقسام ہیں مثلاً ہپ ہاپ، الیکٹرانک ڈانس، جیز اور راک سے متاثر ہو کر بنائی گئی موسیقی۔۔۔۔  کے پاپ میوزک سٹارز کا میوزک کو کامیاب بنانے میں سٹوڈیو میں کی جانے والی ان کی انتھک محنت اور ریاضت کا اہم ترین کردار ہے، کے پاپ "کورین ویو” کا ایک حصہ ہے۔
کوریا میں کے پاپ میوزک ایک صنعت کی سی حیثیت رکھتا ہے اسی لئے پروڈکشن اور مارکیٹنگ پر بہت توجہ دی جاتی ہے۔ جس کے سبب جنوبی کوریا کو کئی ارب ڈالر سالانہ کی آمدن ہوتی ہے،، سالوں کی سخت ریاضت کے بعد گائیکی سے میوزک کا معیار شاندار ہی نہیں پروقار بھی ہے۔ ویڈیو پروڈکشن کی اعلی صلاحیتیں اس محنت کو چار چاند لگا دیتی ہیں،، جبکہ آرٹسٹس کا اپنے فینز سے مسلسل رابطہ رکھنا مداحوں کے شوق کو جلا بخشتا ہے،،، کے پاپ کی انوکھی بات ہیجان انگیزی نہیں بلکہ سنجیدہ سماجی موضوعات پر آواز اُٹھانا ہے،،، آسان الفاظ میں کہا جا سکتا ہے کہ کے پاپ میوزک معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی آواز ہے، معاشرے کے ٹھکرائے اور دھتکارے ہوئے لوگ جب کے پاپ سنتے ہیں تو اُنھیں اس میں پیار اور قبولیت کا پیغام ملتا ہے،، کے پاپ نوجوانوں کو خوابوں کی تعبیر پانے کی ہمت دیتا ہے۔

کے پاپ کی تاریخ

کے پاپ میوزک کی ابتدا سن 1987 میں جنوبی کوریا سے ہوئی۔۔ ۔۔۔ 90 کی دہائی میں سیوتاجی اینڈ بوائز نے اپنا بریک آوٹ ٹریک آئی نو ریلیز کیا جو 17 ہفتے تک کورین میوزک چارٹس پر سر فہرست رہا۔۔ اس کے بعد سن 2000 کی دہائی میں بگ بینگ جیسے کے پاپ بینڈزنے بین الاقوامی مقبولیت حاصل کرنا شروع کی اور 2006 میں اپنا ڈیبیو ٹریک ریلیز کیا، 2010  میں 7 لڑکوں پر مشتمل بی ٹی ایس یا بنگٹن بوائز بینڈ بطور آل بوائز بینڈ منظر عام پر آیا اور دیکھتے ہی دیکھتے شہرت کی بلندیوں کو چھو گیا، پھر2016  میں 4 خواتین نے مل کر بلیک پنک بینڈ بنایا جس کا مشہور گانا کل دس لو مشہور ہے،، کے پاپ میوزک کو منفرد بنانے والے عناصر میں ویسٹرن میوزک انفلوینسز کا ایک اہم کردار ہے۔۔۔کے پاپ دھنیں اکثر کورین زبان میں ہیں، مگر بلیک پنک اور بی ٹی ایس جیسے گروپوں کے بہت سے گانے ایسے ہیں جن میں انگریزی اور کورین لیرکس شامل ہیں۔ کے پاپ میوزک کو منفرد بنانے میں بینڈز کے پرفارمرز کا مرکزی کردار ہے، کے پاپ بینڈ گروپ کی شکل میں پرفارم کرتے ہیں جو زیادہ تر 4 سے 7 افراد پر مشتمل ہوتا ہے،، یہ میوزک کورین اور ویسٹرن میوزک کا دلکش بلینڈ ہے،، گانوں کو مقبول کرنے میں پرفارمرز کی رنگ برنگی اور سٹائلش ڈریسنگ کا بھی اہم کردار ہے۔

کے پاپ گانوں کی کیمسٹری

کے پاپ کے گانے ایسے ہوتے ہیں جن کے لفظی معنی ہم نہیں جانتے مگر ہمارا دماغ ان دھنوں میں چھپے معنوں کو سمجھتا ہے۔ ردھم، پچ اور میوزک کی لے ایک سمینٹک لینگویج ہے جس کے ذریعے ہمارے دماغ کا شعور اور لاشعور کام کرنا شروع کر دیتا ہے،،، یہ ہمارے دماغ کے ذریعے ہمارے جسم میں خوشی اور ہیجان پیدا کرتی ہے،، جس کی وجہ سے ہمارے خوشی والے ہارمون سیروٹنن کا لیول بڑھتا ہے،، این 400 کومپوننٹ لفظوں اور موسیقی کے بدلے دماغی ردعمل کو ماپنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے،، یہی وجہ ہے کہ ایسے گانے سننے والے لوگوں کا ای ای جی پر این 400 کومپوننٹ زیادہ نظر آتا ہے،، درست کہتے ہیں کہ میوزک ایک یونیورسل زبان ہے جس کی مدد سے ہم اپنے جذبات اور احساسات سننے والے تک پہنچاتے ہیں،،،،

بی ٹی ایس بینڈ

بی ٹی ایس کے پاپ میوزک بنانے والے چند بڑے بینڈز میں سے ایک ہے جو اس وقت دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے،، بی ٹی ایس کورین زبان کے الفاظ کا مجموعہ ہے جس کا مطلب’بُلٹ پروف بوائے سکاؤٹس‘ بنتا ہے۔ اس بینڈ میں 7 نوجوان شامل ہیں، جو اپنی آواز کے ساتھ ساتھ خوبصورتی کی وجہ سے بھی شہرت رکھتے ہیں۔ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول سے تعلق رکھنے والے  نوجوانوں نے 2013 میں بی ٹی ایس بنایا۔ پہلے اس بینڈ کا نام ‘بینگٹین بوائز’ رکھا گیا تھا، جس کے بعد 2017 میں اس کا نام تبدیل کرکے بی ٹی ایس (beyond the scene) رکھا گیا۔ اس بینڈ نے ہپ ہاپ میوزک سے آغاز کیا تاہم اب کئی انداز کی موسیقی میں یہ اپنے گانے ریلیز کرتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 2020 میں بینڈ کے نوجوان ایشیا کے سب سے زیادہ پرکشش مرد قرار پائے تھے۔ بی ٹی ایس بینڈ کی ملکیت تقریبا 5 ارب ڈالر ہوچکی ہے مگر اس بینڈ نے اپنے سفر کا آغاز نہایت محدود وسائل سے کیا،، بینڈ ایک کمرے سے میوزک ویڈیوز بناتا اور پھر ان ویڈیوز کو ٹوئٹر پر لوگوں کو ٹیگ کر کے شیئر کیا جاتا،، بی ٹی ایس کا گانا ڈائنامائٹ 24 گھنٹے میں یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیوز میں شامل ہوا۔ اس ویڈیو کو ایک دن میں 100 ملین لوگوں نے دیکھا تھا۔ جبکہ ایک کانسرٹ کی ایک لائیو سٹریم میں جب سات لاکھ چھپن ہزار لوگوں نے اسے سو سے زیادہ ممالک سے دیکھا تو گروپ نے اپنا نام گینز بک آف ورلڈ ریکاڈ میں درج کروایا تھا۔ بینڈ کی بڑھتی ہوئی شہرت کے مد نظر بی ٹی ایس کو 2021 میں اقوام متحدہ کے لیے جنوبی کوریا کا اعزازی سفیر مقرر کیا گیا،، بینڈ ممبران کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے پہلے سفارتی پاسپورٹ جاری کئے گئے، گروپ ممبر آر ایم نے اس اعزاز کو باعث افتخار و فخر قرار دیا، بی ٹی ایس سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ فہد انٹرنیشنل سٹیڈیم میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرکے کامیابی کے جھنڈے گاڑ چکا ہے،، اس کنسرٹ میں سعودی عرب بھر سے بی ٹی ایس کے مداحوں نے شرکت کی تھی،،، اس دوران’بی ٹی ایس ان ریاض‘ کا ٹرینڈ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ رہا۔ کنسرٹ کو لائیو بھی دکھایا گیا جبکہ سٹیڈیم کے اندر بڑی اسکرینیں بھی نصب کی گئیں تھیں۔ بی ٹی ایس نے مائیک ڈراپ، سو واٹ، ناٹ ٹو ڈے اور دیگر گانے گانے کے بعد عربی میں اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

بی ٹی ایس بینڈ کے اراکین

اس بینڈ میں جنگ کک، آرایم، جن، پارک جیمن، وی، سوگا، اور جنگ ہوسیوک نامی نوجوان موسیقار شامل ہیں۔

بی ٹی ایس کے مرکزی گلوکار جنگ کوک کا اصل نام جین جینگ گک ہے اور ان کی عمر 22 سال ہے،،، وہ بینڈ کے سب سے کم عمر رکن ہیں،، جنگکوک اس وقت بینڈ کا حصہ بنے تھے جب ان کی عمر محض15  برس تھی،، یہ گوگل پر بی ٹی ایس کے سب سے زیادہ سرچ کئے جانے والے رکن ہیں۔

آر ایم کااصل نام  کم نام جون ہے اور ان کی عمر 25 سال ہے،،،آر ایم بینڈ کے لئے بھرتی ہونے والے پہلے ممبر تھے، ان کا ایک قول مشہور ہے کہ بینڈ کے بہت سے فیصلے راک پیپر-کینچی کھیل کر لئے گئے تھے۔

جن کا اصل نام کم سیوک جن ہے اور ان کی عمر 27 برس ہے،، وہ ورلڈ وائیڈ ہینڈسم کے نام سے بھی مشہور ہیں،، انہیں خوبصورتی کے باعث ہی گروپ میں بھرتی کیا گیا تھا۔


جی مین کا اصل نام  پارک جی من ہے اور وہ ابھی صرف 24 سال کے ہیں،، جیمین نے بچپن میں میٹ وی نامی بینڈ کے ساتھ بھی پرفارم کیا تھا،،، وہ ہائی ڈانس اور جدید رقص میں آرٹس اسکول سے تعلیم یافتہ ہیں،،، زمانہ طالبعلمی میں ہی وہ اپنی معصو اور قاتل حرکتوں کے سبب مشہور تھے،،،

وی کا اصل نام کم تائی ہنگ ہے اور وہ عمر کے 24 ویں سال میں ہیں، ان کے پاسRnB چاپ ہے۔ انہیں گیت لکھنے اور بنانے کے علاوہ اداکاری اور فوٹو گرافی سے بھی شغف ہے،،،

سوگا گروپ کا لیڈ ریپر ہے۔ آر ایم کی طرح سوگا نے بھی پہلے پہل زیر زمین کوریا کے ریپ منظر سے آغاز کیا تھا،،، چھوٹی عمر سے ہی سخت محنت کرکے بینڈ میں شمولیت حاصل کی۔ کوریائی میڈیا کے مطابق سوگا نے محض 13 برس کی عمر میں گانے لکھنا شروع کیے تھے۔ تجربے کی بنیاد پر وہ نہ صرف بی ٹی ایس کے کچھ گانوں کے پروڈیوسر بنے، بلکہ دوسرے فنکار بھی بنے۔

بی ٹی ایس بینڈ کے رکن جے امید کا اصل نام جنگ ہوسیوک ہے اور ان کی عمر 26 برس ہے،، جے ہوپ بی ٹی ایس میں شامل ہونے والے تیسرے ممبر تھے۔ بینڈ کا حصہ بننے سے پہلے وہ ایک زیر زمین رقص عملے کا حصہ تھے۔  

بی ٹی ایس کے گانوں کا مقصد

اس گروپ کے گانوں کا مقصد منفی معاشرتی رویوں سے اپنے مداحوں کو بچانا ہے، اس بینڈ کے زیادہ تر گانوں کے موضوعات نوجوانوں کو پیش آنے والے مسائل مثلاً اعلیٰ تعلیم کا حصول، ملازمت کی تلاش وغیرہ سے مماثل ہوتے ہیں،، بی ٹی ایس کی ہر لحظہ بڑھتی ہوئی شہرت کے پیش نظر اس بینڈ کو 2018 کے سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں پرفارمنس کا موقع دیا گیا تھا۔ اِس کے علاوہ بی ٹی ایس کے ممبر اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھی خطاب کر چکے ہیں۔

بی ٹی ایس کے مداحوں کی فوج

دنیا بھر میں کے پاپ میوزک کے مداح اور بی ٹی ایس آرمی کے پاپ آئڈلز کے ڈانس سٹیپس کو ذوق و شوق سے سیکھتے ہیں جس کے بعد کورین میوزک کے مطابق ڈانس ویڈیوز بنا کر اپلوڈ کرتے ہیں۔۔۔ بی ٹی ایس بینڈ کے دونوں ٹوئٹر ہینڈلز پر ان کے بہت بڑی تعداد میں فالورز ہیں،،، بی ٹی ایس کے مداح اپنے آپ کو آرمی کہتے ہیں۔ بی ٹی ایس آرمی کے نوجوانوں کی اکثریت ڈپریشن اور دیگر سماجی اور نفسیاتی مسائل سے چھٹکارا پانے کے لئے کے پاپ کے گانے سننے کی قائل ہے،، کیونکہ یہ میوزک ایسے ہی موضوعات پر بنایا جاتا ہے،، بی ٹٰی ایس آرمی کے جوانوں کی بڑی تعداد پاکستان میں بھی موجود ہے۔ پاکستان میں بی ٹی ایس کے چاہنے والے سوشل میڈیا پر بھی بہت فعال نظر آتے ہیں۔ اسی وجہ سے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئیٹر پر اکثر بی ٹی ایس کی حمایت کے ہیش ٹیگز کے مختلف ٹرینڈز بھی چلتے دکھائی دیتے ہیں۔ بی ٹی ایس آرمی پاکستان کے نوجوان بینڈ کے ساتھ یکجہتی کے لئے خون کے عطیات جمع کرتے، اسکولوں اور رفاہی اداروں کو فنڈ دیتے اور غریبوں کو کھانا کھلاتے بھی نظر آتے ہیں،،، پاکستانی نوجوان لڑکیاں بھی لڑکیوں پر مشتمل کورین پاپ بینڈ کی دلدادہ ہیں۔ پاکستانی بی ٹی ایس آرمی  کے مطابق بینڈ کو پسند کرنے کی بنیادی وجہ کے پاپ بینڈز کا میوزک کو راحت بخش بنانا ہے۔ گزشتہ عیدین پر پاکستانی خواتین کے ہاتھوں میں بھی بی ٹی ایس کے ڈیزائینوں کی مہندی نظر آئی،،، 2019 سے پاکستان میں کے پاپ فیسٹیول شروع ہوا جس کے ذریعے ہر سال نوجوان نسل کو جنوبی کوریا جا کر پرفارم کرنے کا موقع دیا جاتا ہے،، اس کے علاوہ پاکستانی بی ٹی ایس آرمی اپنے آئڈلز سے اظہار محبت کے لئے ان کے نام پر پیسے اور خون کا عطیہ بھی دیتے ہیں۔۔۔ جس سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں بی ٹی ایس اور کے پاپ کی ڈائے ہارڈ فین فولوئنگ ہے،، گزشتہ برس برازیل میں ایک کنسرٹ کے دوران اپنے گانے ‘لو یوور سیلف’ (یعنی خود سے محبت کریں) پر بی ٹی ایس نے پرفارم کیا، تو اسکرین پر متعدد زبانوں میں ‘Love’ (یعنی محبت) لکھا گیا۔ اس دوران اسکرین پر اردو زبان میں اس بینڈ نے Love کو محبت اور عشق لکھا۔ اس کنسرٹ کی ویڈیوز کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پاکستانی عوام بی ٹی ایس سے بےحد متاثر ہوئے اور ٹوئٹر پر مداحوں نے BTSOurMuhabbat# کا ٹرینڈ بھی چلایا تھا۔ بی ٹی ایس کے پاکستانی مداحوں نے اردو کو اپنے گانے میں شامل کرنے پر بینڈ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

بی ٹی ایس کے ارب پتی ممبران

جنوبی کوریا کے بی ٹی ایس بینڈ کے ساتوں اراکین کروڑ پتی ہیں،، میڈیا کے مطابق ہر ممبر کی تنخواہ 8 ملین ڈالر سالانہ ہے اور ان کی کمپنی ’بِگ ہٹ انٹرٹینمنٹ‘ نے انہیں 68 ہزار شئیرز بھی دئیے،، ایک اندازے کے مطابق ہر بی ٹی ایس ممبر کی کمائی تقریباً 1 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سالانہ ہے،، انفرادی طور پر جن کی کمائی ایک کروڑ اسی لاکھ ڈالر، وی کی 1 کروڑ 80 لاکھ سے 1 کروڑ 90 لاکھ تک ہے۔ جنگکوک 1 کروڑ 80 لاکھ سے 2 کروڑ ڈالر سالانہ کماتے ہیں، جی مین کی کمائی بھی تقریباً جنگکوک کی کمائی کے برابر ہے، آر ایم کی سالانہ کمائی تقریباً 2 کروڑ ڈالر سے 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک ہے، سوگا 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے ڈھائی کروڑ ڈالر تک کماتے ہیں جبکہ گروپ کے نمبر ون ممبر سب سے زیادہ کماتے ہیں ان کی کمائی کا تخمینہ 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے 2 کروڑ 60 ڈالر تک لگایا گیا ہے۔

کوریا کا خاموش ثقافتی انقلاب

کورین موسیقی نے 1990 کے بعد قدم جمانے شروع کئے اور اس موسیقی نے روایتی کورین میوزک کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے ثقافتی اثرات بھی قبول کیے، 2012 میں گنگم اسٹائل نے ریلیز ہوتے ہی مقبولیت کے ریکارڈ توڑتے ہوئے بین الاقوامی میوزک چارٹس پر پہلی پوزیشن سنبھالی،، بے بی شارک اب تک یوٹیوب پر سات ارب سے زیادہ دفعہ دیکھا جا چکا ہے،،، اور بچوں کی اولین پسند ہے،،، مشہور پاکستانی گلوکار اور تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق نے بے بی شارک کی کاپی کرتے ہوئے حال ہی میں اپنا گانا "بیگم تنگ کرے” ریلیز کیا جسے شائقین میں بے حد پسند کیا جا رہا ہے،، کے پاپ کی شہرت کے ساتھ ساتھ اس صدی کے آغاز سے ہی کوریا کی فلموں نے بھی کرہ ارض پر اپنی دھاک بٹھائی ہے،، 2019 میں فلم پیراسائٹ ریلیز ہوتے ہی دنیا بھر کے باکس آفسز پر چھا گئی اور جنوبی کوریا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بنی، اس فلم کو بہترین فلم کے آسکر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا،،، یہ آسکر حاصل کرنے والی پہلی غیر انگریزی زبان کی فلم تھی،، کچھ عرصہ سے او ٹی ٹی پلیٹ فارم کی مقبولیت بھی بڑھ گئی ہے،، او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے ذریعے کوریائی ڈرامے بھی ہر پاکستانی گھرانے کی زینت بنے ہوئے ہیں، 2021 میں کوریا کے ٹی وی شو اسکویڈ گیم نے دنیا بھر میں تہلکہ مچایا،، اسکوئڈ گیم لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر سب سے زیادہ دیکھی جانی والی سیریز بن گئی ہے۔