پاک بھارت سیریز کے انعقاد کے لیے دبئی کرکٹ کونسل نے رابطے تیز کر دئیے، متحدہ عرب امارات کے اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی کرکٹ کونسل کے چیئرمین عبدالرحمان فلک ناز کا کہنا ہے کہ سب سے اچھی بات یہ ہوگی کہ دونوں ممالک دبئی میں کھیلیں۔ عبدالرحمان فلک ناز کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان جب دبئی میں مقابلے ہوتے تھے تو جنگ جیسا ماحول ہوتا تھا لیکن یہ ایک اچھی لڑائی ہوتی تھی جس کا مرکز کھیل ہوتا تھا،،،عبدالرحمان فلک ناز کے مطابق اگر ہم بھارت کو سال میں ایک یا دو مرتبہ یہاں آنے کے لیے رضامند کرلیں تو یہ شاندار ہوگا۔ عبدالرحمان فلک ناز کا مزید کہنا تھا کہ ہم کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں لیکن اب صرف بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہری جھنڈی کا انتظار ہے۔ واضح رہے کہ سال 13-2012 کے بعد سے دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی گئی جبکہ کرکٹ شائقین کو ہمیشہ سے پاک بھارت سیریز کا انتظار رہتا ہے اور ساری دنیا کی نظریں اس سیریز پر ہوتی ہیں۔
