ٹویوٹا لینڈ کروزر کا پہلا ماڈل اگست 1951 میں آیا۔ اس فور وہیل ڈرائیو جیپ کا نام بی جے تھا جس نے مشہور پہاڑی ماؤنٹ فجی کے چھٹے پوائنٹ تک چڑھنے کا رکارڈ بھی بنایا تھا۔
بی جے جاپان میں پولیس کے زیر استعمال رہنے کے لئے تیار کی گئی تھی۔ 1954 میں بی جے کا نام تبدیل کرکے لینڈ کروزر رکھا گیا کیونکہ جیپ نام کے حقوق’ولیز‘ کمپنی کے نام محفوظ تھے۔ 1955 میں لینڈ کروزر سیریز 20 ماڈل عام آدمی کے استعمال کے لئے مارکیٹ میں لائی ۔ اب اس کے مختلف ماڈل دنیا کے 170 سے زیادہ ملکوں میں پائے جاتے ہیں۔ اب تک کل ایک کروڑ چار لاکھ گاڑیاں فروخت ہوئی ہیں۔
ٹویوٹا کمپنی سالانہ تقریباً تین لاکھ گاڑیاں بنانے کی صلاحیت کی حامل ہے۔ لینڈ کروزر قدرتی آفات کے دوران امدادی کاموں میں بھی استعمال کی جاتی رہی ہے۔ کمپنی نے صرف جیپیں ہی نہیں ایسے ٹرک بھی بنائے تھے۔
1960 میں ا لینڈ کروزر کا 40 سیریز ماڈل مارکیٹ میں آیا۔ یہ ماڈل 24 سال تک دنیا بھر میں فورٹی کے نام سے مقبول رہا۔ اس کے بعد 55 اور 60 ماڈل آئے، 1984 میں لینڈ کروزر 70 متعارف کروائی گئی۔ 1989 سے شروع ہونے والا 80 سیریز ماڈل لینڈ کروزر کا اب تک کامیاب ترین ماڈل سمجھا جاتا ہے۔
بعد ازاں سیریز 100، 120، 150 اور 200 لانچ کیے گئے۔پراڈو لینڈ کروزر کا پہلا ماڈل 1990 میں آیا۔ یہ عام لینڈ کروزر کا ایک نسبتاً چھوٹا اور سستا ویرینٹ تھا۔ 2021 میں 300 سیریز کے نام نیا ماڈل پیش کیا گیا جس کا وزن پچھلے ماڈل سے 200 کلو گرام کم ہے۔ لینڈ کروزر 3.5 لیٹر پٹرول اور 3.3 لیٹر ڈیزل انجن میں دستیاب ہے جو وی سکس انجن کے ساتھ لانچ کی گئی ہے۔
لینڈ کروزر ایل سی 300 امریکہ میں فروخت کے لیے پیش نہیں کی گئی کیونکہ سابقہ ماڈل امریکہ میں جگہ بنانے میں ناکام رہا تھا لیکن وہاں اسے لیکزس کی صورت میں متعارف کروایا جائے گا۔