پاکستانی کا سیمنٹ نگل کر خودکشی کی کوشش کرنے کا واقعہ سعودی عرب میں پیش آیا۔ جدہ کے کنگ عبدالعزیز اسپتال میں ڈاکٹرز نے سیمنٹ نگلنے والے پاکستانی کو بچا لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی شہری روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب مقیم تھا۔ جہاں اس نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کی اور سیمنٹ کا لیپ کھا لیا۔ جس کے باعث معدے میں سیمنٹ کی تہہ بن گئی۔ حالت خراب ہونے پر اسے علاج کے لیے ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ لے جایا گیا۔ اسپتال کے عملے نے مختلف ایکسرے لیے اور فوری آپریشن کا فیصلہ کیا جو تین گھنٹے تک جاری رہا۔ دوران آپریشن ڈاکٹروں نے معدے سے سیمنٹ کی تہہ صاف کی۔ جو آنتوں میں جم گیا تھا۔ پاکستانی شہری کی عمر تیس برس بتائی گئی ہے۔ ڈاکٹروں نے مریض کی حالت تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی حالت خطرے سے باہر ہے اور وہ روبہ صحت ہے۔